جتنے مرضی جلسے کرلو، پیسہ واپس کرنے تک نہیں چھوڑوں گا: عمران
حافظ آباد ، اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت+ نمائندہ خصوصی ) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اربوںروپے کی لوٹ کھسوٹ کرنے والوں نے جو سرکس لگا رکھی ہے اُس کی حقیقت سے ہر پاکستانی واقف ہے ،یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے تیس سال تک ملک کو لوٹا اور خود امیر سے امیر تر ہوتے گئے اور قوم قرضوں میں ڈوب گئی۔ خواہ کچھ بھی ہو جائے وہ ملکی خزانہ بے دردی سے لوٹنے والوں سے رقم وصول کئے بغیر اُنکو نہیں چھوڑیں گے۔اب مجھے یہ بلیک میل کر رہے ہیںکہ میں اُنہیں چھوڑ دوں لیکن ملکی خزانے کو لوٹنے والوںکو کسی بھی صورت نہیں چھوڑا جا سکتا۔وزیر اعظم نے نواز شریف کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ بیماری کا بہانہ بناتے ہوئے اُس نے ایسی شکل بنائی کہ جیسے ابھی مرنے والا ہے اور اس کی یہ شکل دیکھ کر میری کابینہ کی بعض خواتین کی آنکھوں میں آنسو آ گئے، لیکن لندن کی ہوا لگتے ہی نواز شریف کی ساری بیماریاںختم ہو گئیں۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف اپنی کرپشن اور منی لانڈرنگ کو بچانے کے لیے اداروں کو بدنام کر رہا ہے جو مودی کا ایجنڈا ہے اور ہندوستان کی بولی بول رہا ہے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ مہدی حسن بھٹی کے خاندان کے سپوت میجر ندیم عباس بھٹی سمیت افواج پاکستان کے افسروں اور جوانوں نے مادر وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا جس پر پوری قوم کو ان کی قربانیوں پر فخر ہے۔ اُنہوں نے ان خیالات کا اظہار حافظ آباد میں عوامی جلسہ سے خطاب کے دوران کیا۔ وزیر اعظم عمران خاں کا کہناتھا کہ اپوزیشن کی جماعتوں نے ملک میں نیب کا ادارہ خود اپنے دور میں قائم کیا اور اب وہ خود ہی اس ادارے کو ختم کرنے کے درپے ہیںجبکہ پاکستان فٹف (FATAF)کی گرے لسٹ میںبھی انہی کی وجہ سے ہے ۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف اپنی چوری کو چھپانے کے لیے بغاوت کرنے پر فوج کو اُکسا رہا ہے ،فوج کے خلاف بغاوت کے لیے اُکسانے والے کسی صورت ملک کے وفادار نہیں ہو سکتے۔اپنی چوری بچانے کے لیے نواز شریف تم ادھر تک پہنچ گئے ہو کہ ہندوستان کی زبان بول رہے ہو۔اس سے میرا عزم اور مضبوط ہے کہ تمہاری طرح کے میر صادق، میر جعفر اور میر ایاز صادق کو جب تک قانون کے کٹہرے میں نہیں لائیں گے اور ان سے پیسے نہیں نکالیں گے، ان کو نہیں چھوڑوں گا۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کسی وزیر اعظم نے نبی کریم ؐ کی ناموس کی خاطر دُنیا بھر میں آواز بلند کی ،اور یہ سب ووٹ کی خاطر نہیں بلکہ نبی کریم ؐ سے محبت میرے دل میں بستی ہے اور یہ میرے ایمان کا حصہ ہے۔ مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ میری وجہ سے اسلام کو خطرہ ہے لیکن وہ یہ بتائیں کہ اُنہوں نے اسلام کے موقف کو کہا ں بیان کیا،مولانا کو اسلام کی اتنی فکر نہیں جتنی اپنے اقتدار کی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس ملک کو ریاست مدینہ کی طرز پر فلاحی ریاست بنانا اُن کا خواب ہے جس میں قانون کی حکمرانی اور بالا دستی ہو اور غریب کو اُس کا حق اور انصاف اُسکی دہلیز پر ہی مل سکے۔اُن کا کہنا تھا کہ ماضی میں امیراور غریب کے لیے الگ الگ قانون تھا اور یہ سب ماضی کے حکمرانوں نے اپنے لیے کر رکھا تھا کہ اگر کوئی بھینس یا موٹر سائیکل چوری کرے تو اس کے لیے اور قانون تھا لیکن ملک کو دونوں ہاتھوں کو لوٹنے والوں کے لیے کوئی بھی قانون نہیں تھا اور یہی وجہ ہے کہ آج تک یہی لٹیرے قانون کی گرفت میں نہیں آسکے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کی آدھی آبادی کو 2020کے آخر تک جبکہ صوبہ بھر کے تمام خاندانوں کو اگلے سال 2021تک انصاف ہیلتھ انشورنس کارڈ دیئے جائیں گے جس کے ذریعے ایک عام غریب آدمی کو بھی دس لاکھ تک کے مفت علاج کی سہولت ہوگی۔اُنہوں نے کہا کہ 73سال بعد تعلیم کا نصاب سب کے لیے ایک جیسا بنایا جارہا ہے تاکہ غریبوں کے بچے بھی ڈاکٹر بن سکیں۔ پچھلے دورِحکومت میں خیبر پختون خواہ میں نامساعد حالات کے باوجود غربت میں 9فیصد کمی ہوئی جو کہ پی ٹی آئی حکومت کی کامیابی کا ثبوت ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ خیبر پختون خواہ کی تاریخ ہے کہ ایک پارٹی کبھی دوسری بار اقتدار میں نہیں آئی۔ پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جو دوسری بار دو تہائی اکثریت سے کامیاب ہوئی۔اُن کا کہنا تھا کہ غریبوں کو اُن کا گھر فراہم کرنے کے لیے نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم شروع کی گئی ہے۔جس میں آسان اقساط کی ادائیگی سے غریب محنت کش بھی اپنے لیے گھر بنا سکیں گے۔وزیر اعظم نے حافظ آباد کے لیے 6ارب کی لاگت سے بننے والی یونیورسٹی آف حافظ آبادکا سنگ بنیاد رکھا۔ جبکہ 400بیڈز کے جدید ہسپتال کے قیام کا بھی اعلان کیا۔ وزیر اعظم نے حافظ آباد میں کیڈٹ کالج کے قیام کی بھی نوید سنائی۔وزیر اعظم نے کامیاب جلسہ کے انعقاد پر چودھری مہدی حسن بھٹی اورایم این اے شوکت علی بھٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اُنہیں مبارکباد دی ۔جلسہ سے ایم این اے چودھری شوکت علی بھٹی، سابق ایم این اے چودھری مہدی حسن بھٹی نے بھی خطاب کیا جبکہ صوبائی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان، پی ٹی آئی کے صوبائی صدر اعجاز چودھری، مقامی اراکین صوبائی اسمبلی مامون جعفر تارڑ، میاں احسن انصر بھٹی سمیت دیگر قائدین بھی موجود تھے۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے کہا ہے کہ سیاسی مخالفین نے ملک میں سرکس لگا رکھی ہے، ماضی میں نیب غلام آج آزاد ہے، یہ چاہتے ہیں نیب کو ختم کر دیا جائے تاکہ ان کی چوری چھپ جائے، لندن کی ہوا لگتے ہی نواز شریف کی ساری بیماری ختم ہوگئی، جتنے مرضی جلسے کرلو، جب تک پیسہ واپس نہیں کرتے، نہیں چھوڑوں گا۔2021 تک پنجاب کے سارے لوگوں کو ہیلتھ کارڈ مل جائیں گے، ہیلتھ کارڈ سے غریب گھرانوں کو فائدہ ہوگا، پاکستان کی 73 سالہ تاریخ میں عام آدمی کو ہیلتھ کارڈ دیئے جا رہے ہیں۔ دنیا کے امیر ترین ممالک میں بھی ایسی ہیلتھ انشورنس نہیں ہوتی، ہیلتھ کارڈ سے غریب گھرانوں کو فائدہ ہوگا۔وزیراعظم کا کہنا تھا پاکستان میں پہلی بار پناہ گاہیں بنائی گئیں، نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کے تحت لوگ اپنا گھر بناسکیں گے، گھر بنانے کیلئے 5 فیصد سود پر آپ بینکوں سے قرض لے سکیں گے، خوشی ہے فلاحی ریاست بنانے کا سفر شروع ہوچکا۔ انہوں نے کہا ملک میں یکساں نظام تعلیم لے کر آئیں گے، ملک میں یکساں نصاب تعلیم کیلئے کام کر رہے ہیں، بڑے لوگوں نے روٹی، کپڑا، مکان کی بات کی، پہلی بار لوگوں کو اپنا گھر ملے گا۔وزیراعظم عمران خان نے حافظ آباد میں سیاسی رہنماؤں اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات سے ملاقات کی۔ معاونِ خصوصی ندیم افضل چن، وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور ترجمان پنجاب گورنمنٹ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان بھی ملاقات میں شریک تھے، وزیر اعظم نے کہا کہ انہیں موجودہ دورحکومت میں حافظ آباد میں ہونے والے ترقیاتی کام دیکھ کر خوشی ہوئی۔ کرونا کے دوران ضلع حافظ آباد میں احساس پروگرام کے تحت 66 کروڑ روپے ضرورت مندوں میں تقسیم کئے گئے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ماضی کے حکمرانوں کو عوام کا کوئی دُکھ درد نہیں تھا۔ اُن کا کام صرف اداکاری اور ملکی خزانے کی لوٹ مار کرنا تھا۔ پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت نے عمران خاں کی قیادت میں عوام کو انصاف کی فراہمی اور ان کے مسائل کے فوری حل کے لیے عملی اقدامات کیے۔ عمران خاں نے پچیس سال پہلے جو جدوجہد شروع کی تھی ہم نے 2018کی کامیابی کے بعد اُس کا آغاز کر دیا اور آج اللہ کا شکر ہے کہ پوری ایمانداری اور دیانت داری کے سات عوام کی خدمت کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ حافظ آباد میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عمران خاں نے عوام کو اپنا حق مانگنا سیکھایا اور احتساب کو اپنی طاقت قرار دیا۔ عمران خاںہمیشہ ثابت قدم رہے اور مشکل کے وقت میں سرخرو ہوئے۔ وزیر اعظم نے ہمیشہ اُصولی سیاست کی اور کبھی بھی اپنے ذاتی مفادات کو آڑے آنے نہیں دیا۔