نیب ہنگامہ کیس، عمران نذیر گرفتار
لاہور (نمائندہ خصوصی/ نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) لاہور کے جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر کوماڈل ٹاؤن لنک روڈ سے گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ایس پی ماڈل ٹاؤن دوست محمد کے مطابق سیف سٹی اتھارٹی کی کال پر خواجہ عمران کی گاڑی ماڈل ٹاؤن لنک روڈپر ٹریفک وارڈن نے روکی تھی جس پر مقامی پولیس کو طلب کر کہ تھانہ فیصل ٹاؤن منتقل کیا گیا گاڑی نیب کی جانب سے تھانہ چوہنگ کے مقدمے میں مطلوب تھی، اس گاڑی کو مریم نواز کی پیشی پر نیب حملے کے مقدمے میں نامزد کیا گیا تھااس کے ساتھ ساتھ مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ عمران نذیر مریم نواز کی نیب دفتر میں آمد پر ہنگامہ آرائی کیس میں نامزد ہیں جنہیں مقدمے میں ضمانت نہ کرانے پر گرفتار کیا گیا ہے۔خواجہ عمران نے کہا ہے کہ پولیس کو نیب دفتر کے باہر ہنگامے کے دوران میری گاڑی کی فوٹیج ملی ہے، انتقامی کارروائی کی جارہی ہے لیکن ایسے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں۔ حکمران جلسہ سے گھبرا گئے ہیں ہمیں پکڑنا ہے یا گاڑی پکڑنی ہے پکڑ لیں جلسہ تو بہرحال ہوگا ۔ خواجہ عمران نذیر کی گرفتاری پر ردعمل میں مریم نواز نے کہا ہے کہ ڈر کر بیچاروں کی حالت پتلی ہو گئی ہے مریم نواز شریف نے عمران نذیر کی گرفتاری کی ویڈیو ٹویٹر پر شیئر کی اور لکھا کہ عمران نذیر کی گرفتاری لاہور جلسہ سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے یہ جانتے ہیں لاہور جلسہ ان کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا قانونی اور سیاسی آپشن کو خالی نہیں جانے دیاجائیگا زندہ باد عمران نذیر‘ ہم آپ کے پیچھے کھڑے ہیں اور آپ کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے وہ زبردست عوامی ردعمل سے خوفزدہ ہیں۔