اپوزیشن رہنماء ایک دوسرے سے مخلص نہیں، پی ڈی ایم انجام کو پہنچنے والا ہے:عثمان بزدار
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے آثار قدیمہ مقامات/پارکس میں داخلہ فیس میں اضافے کی تجویز کو مسترد کر دیا ہے۔ محکمے کی جانب سے آثار قدیمہ مقامات/پارکس میں انٹری فیس میں نظر ثانی کی تجویز دی گئی تھی۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر کابینہ سٹیڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے منعقدہ اجلاس میں آثار قدیمہ مقامات/پارکس میں داخلہ فیس میں نظرثانی کی تجویز کو رد کردیا گیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ عوام پر کسی قسم کا بوجھ نہیں ڈالیں گے اور یہ فیصلہ وسیع تر عوامی مفاد میں کیا گیا ہے۔ واسا فیصل آباد کے لئے 155ملین روپے کی گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی۔ عثمان بزدار سے صوبائی وزرائ، ارکان اسمبلی اور پی ٹی آئی کے عہدیداروںنے ملاقاتیں کیں۔ منتخب نمائندوں اور پارٹی عہدیداروں نے وزیراعلیٰ کو اپنے علاقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ عثمان بزدار نے مسائل کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ عوام کی خدمت کرنے آئے ہیں اور اپنا ایجنڈا پورا کریں گے۔ پنجاب کو بہتری کی راہ پر گامزن کر دیا ہے۔ راولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں ماڈل پولیس سسٹم لائیں گے۔ سابق حکمرانوں نے باتیں تو بہت بنائیں لیکن کام کچھ نہ کیا۔ اپوزیشن نے اقتدار کیلئے ملکی مفادات کو دائو پر لگانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ اپوزیشن کی آہ و زاری بے وقت کی راگنی ہے۔ غیر فطری اتحاد ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ اپوزیشن رہنما ایک دوسرے سے مخلص نہیں۔ پی ڈی ایم جلد اپنے منطقی انجام کو پہنچنے والا ہے اور ایک بیان نے اس اتحاد کا شیرازہ بکھیرنے کی بنیاد رکھ دی ہے۔ عوام باشعور ہیں اور انہوں نے چوروں کا شر انگیز بیانیہ مسترد کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ عوام کرونا کو سنجیدگی سے لیں، غفلت نہ برتیں۔ کرونا بتدریج بڑھ رہا ہے۔ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا شہریوں کے اپنے مفاد میں ہے۔ این سی او سی کے اجلاس میں ہونے والے فیصلوں پر من و عن عملدرآمد کرایا جائے گا۔ عثمان بزدا رکی زیرصدارت اجلاس میں حافظ آباد میں ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے حافظ آباد میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ حافظ آباد سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں کو ماضی میں بری طرح نظر انداز کیا گیا۔ تحریک انصاف کی حکومت نے پہلی مرتبہ پنجاب میں یکساں ترقی کا ویژن دیا۔ ہم سب شہروں کی یکساں ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے سرگرم عمل ہیں اور پنجاب کے تمام عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کام کر رہے ہیں۔