مودی سرکار نے طاقت دکھانی ہے تو کشمیر کی بجائے چین کو دکھائے: محبوبہ مفتی
جموں(کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیر اعلی اور پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا کہ وہ دن آئے گا جب بھارتی حکومت دفعہ 370 اور دفعہ 35-A ختم کرنے پر افسوس کرے گی۔ وہ دن ضرورآئے گا جب کشمیر کی خصوصی حیثیت بحال ہوگی ۔کے پی آئی کے مطابق محبوبہ مفتی نے اپنی رہائی کے بعد پہلی بار جموں میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہ دن آئے گاجموں و کشمیر کے لوگوں سے یہ بھی پوچھیں گے کہ وہ خصوصی حیثیت کے علاوہ اور کیا چاہتے ہیں۔جو بھی دہلی میں حکومت میں رہے گا، اسے جموں و کشمیر میں ان کی کارروائیوں پر افسوس ہوگا اور وہ یہ بھی اعتراف کریں گے کہ انہوں نے (ہندوستان کے) آئین کا غلط استعمال کیا ہے۔انہوں نے کارکنان سے کہامجھے امید ہے کہ آپ اس جدوجہد کو درمیان میں نہیں چھوڑیں گے۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کا عمل کوئی پارلیمنٹ نہیں کر سکتی۔محبوبہ مفتی نے بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کوئی بھی ایسی چیزوں کو ہضم نہیں کرسکتا جو چوری کی وارداتوں سے حاصل ہوئی ہیں، بھارتی پارلیمنٹ کے پاس خصوصی حیثیت ختم کرنے کے اتنے اختیارات نہیں ہیں کیونکہ آئین پارلیمنٹ سے بڑا ہے۔ محبوبہ مفتی نے کہااگر آپ کو طاقت دکھانی ہے، تو اسے جموں و کشمیر کے لوگوں کی بجائے چین کو دکھائیں۔پی ڈی پی صدر کاکہناتھاجب میں جموں و کشمیر کی وزیر اعلی تھی تو میں پریشان تھی۔ انہیں مجھ سے توقع کی کہ جماعت اسلامی پر پابندی لگائوں، کم عمر لڑکوں کو اترپردیش وبہار کی جیلوں میں بھیجوں، کسی کو بولنے کی اجازت نہ ہو، نامعلوم جگہوں پر عسکریت پسندوں کو دفن کیاجائے ،آپ اپنے دشمنوں کے ساتھ ایسی حرکتیں نہیں کرسکتے، آپ اپنے ہی لوگوں کے ساتھ یہ کیسے کرسکتے ہیں۔