متعدد وارداتیں، شہری لاکھوں کے زیورات، گاڑیوں سمیت قیمتی سامان سے محروم
لاہور (نمائندہ خصوصی) لاہور میں متعدد وارداتوں کے دوران شہری لاکھوں روپے مالیت کے زیورات، موبائل فون، موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں سمیت دیگر قیمتی سامان سے محروم۔ مصطفی ٹائون کے علاقہ میں ڈاکوئوں نے ایوب سے3لاکھ 20ہزار کی نقدی، طلائی زیورات اور دیگر سامان، کاہنہ میں شہریار سے 3لاکھ 80ہزار کی نقدی، طلائی زیورات اور دیگر سامان، راوی روڈ میں طاہر سے گن پوائنٹ پر 1لاکھ 45ہزار کی نقدی لوٹ لی۔ گلشن راوی کے علاقہ میں ڈاکوئوں نے فہیم سے اسلحہ کے زور پر 3لاکھ 10ہزار کی نقدی، طلائی زیورات اور دیگر سامان، نواب ٹائون میں یاسر سے 1لاکھ، موبائل فون اور دیگر قیمتی سامان لوٹ لیا۔ شادباغ میں ندیم سے4 لاکھ 75ہزار کی نقدی اور دیگر سامان، گلشن اقبال کے علاقہ میں سفیان سے 4لاکھ 30ہزار کی نقد ی اور دیگر سامان لوٹ لیا گیا۔ جبکہ ستوکتلہ اور لیاقت آباد کے علاقے سے گاڑیاں اور لٹن روڈ، نشتر کالونی، ہنجروال سے موٹر سائیکلیں چوری کر لی گئیں۔