جس تحریک کو آئے روز نئے میثاق کی ضرورت پڑے اسکا کوئی مستقبل نہیں: شبلی فراز
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی + اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ ماضی میں عوامی وسائل کھانے والے پشیمانی اور ندامت کی بجائے ڈھٹائی کا ثبوت دے رہے ہیں۔ ٹوئٹر پر بیان میں سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ شکست خوردہ اور سیاسی منافقت کے علمبرداروں کا پھر اکٹھ ہوا۔ اجتماع میں انہوں نے اپنی شکست و ریخت اور رسوائی کی وضاحتیں دیں گے۔ علاوہ ازیں ایک بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فرازنے کہا ہے کہ جس تحریک کو آئے روزنئے میثاق کی ضرووت پڑ تی ہو اس کا کوئی مستقبل نہیں، ظاہر ہوا کہ یہ نہیں جانتے کہ کرنا کیا ہے؟۔ یہ اندھیرے میں تیر چلا رہے ہیں۔ ہوس اقتدار میں نیا میثاق بناکر عوام کو بیوقوف بنانے کی کوشش ہر گز کامیاب نہیں ہوگی، شاہد خاقان عباسی آبائی حلقے سے ہاریں تو دھاندلی، لاہور سے جیتیں تو انتخابات شفاف؟ قوم سیاسی منافقت اور دوغلے پن سے بے زار ہوچکی ہے۔ پاکستان درست سمت میں جا رہا ہے۔ آج معاشی اشاریے مثبت ہیں۔ مولانا صاحب معاشی بحران پیداکرنے والے آپ کے دائیں بائیں کھڑے تھے، ان سے پوچھتے، ایسا کیوں کیا؟ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ مولانا صاحب! حقیقی آئینی جمہوری نظام نہیں تو پھرآپ قومی اسمبلی سے باہر اور آپ کا بیٹا ممبر کیسے ہے؟۔ آئینی جمہوری نظام نہیں تو اپوزیشن جماعتیں گلگت بلتستان کے انتخابات کیوں لڑ رہی ہیں؟۔