• news

مسلمانوں پر امریکہ میں داخلے پر پابندی ختم ،کیاجو بائیڈن انتخابی مہم کا وعدہ پورا کرینگے

اسلام آباد ( جاوید صدیق) امریکہ کے نو منتخب صدر جو بائیڈن نے اپنی انتخابی مہم کے دوران یہ وعدہ کیا تھا کہ وہ مسلمانوں پر امریکہ میں داخلے پر پابندی ختم کریں گے۔ امریکہ میں مقیم مسلمانوں اور دنیا کے دوسرے مسلمان ملکوں کے شہری توقع کر رہے ہیں کہ نئے امریکی صدر ٹرمپ دور میں مسلمانوں پر امریکہ میں داخلے کی پابندیاں ختم کریں گے۔ جوبائیڈن نے گزشتہ ماہ اپنی انتخابی مہم میں کہا تھا کہ وہ پہلے دن ہی منصب صدارت سنبھالنے کے بعد مسلمانوں پر سفر کی پابندیاں ختم کریں گے۔ صدر ٹرمپ نے 2017 میں کئی مسلمان ملکوں کے شہریوں پر امریکہ میں داخل ہونے پر پابندی لگائی تھی جس پر امریکہ میں زبردست احتجاج ہوا تھا۔ کئی امریکی عدالتوں نے مسلمانوں کے امریکہ میں داخلے پر ٹرمپ کی پابندیوں کا حکم کالعدم قرار دیا تھا۔ صدر ٹرمپ نے ایک ایگزیکٹیو آرڈر کے ذریعے بعض مسلمان شہریوں کیلئے امریکہ میں داخلے پر پابندی لگائی تھی۔ عدالتی مداخلت کے بعد بعض پابندیاں نرم کر دی گئی تھیں۔ امریکی قانونی ماہرین کے مطابق نئے صدر جوبائیڈن ٹرمپ دور کی پابندیوں کو ایک سرکاری حکم نامے کے ذریعے ختم کر سکتے ہیں۔ جوبائیڈن نے اکتوبر میں اپنی انتخابی مہم میں امریکہ میں نفرت انگیز تقریروں کے خاتمے کا بھی اعلان کیا۔ ادھر امریکہ میں مسلمانوں کی تنظیم کونسل آف امریکن اسلامک ریلیشنز نے جو مسلمانوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے کام کرتی ہے، نومنتخب امریکی صدر کو انتخاب جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔ کونسل کی طرف سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ امریکہ کے نئے صدر کو منصب سنبھالنے کے بعد ان کا وعدہ یاد دلائے گی۔ 

ای پیپر-دی نیشن