مبینہ پولیس مقابلے، اوکاڑہ 2 ڈاکو ہلاک، کراچی میں پولیس اہلکار شہید
کراچی، اوکاڑہ (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) کراچی کے علاقے کریم آباد مینا بازار کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے مطابق نارتھ کراچی کا رہائشی شہری اے ٹی ایم سے رقم نکال کر نکل رہا تھا کہ موٹرسائیکل سوار دو ڈاکوئوں نے شہری سے لوٹ مار کی کوشش کی۔ ہیڈ کانسٹیبل فیاض علی ڈیوٹی پر جارہا تھا۔ ڈاکوئوں کو دیکھ کر اہلکار نے فائرنگ کر دی جس سے ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا۔ ڈاکو کے ساتھی نے فرار ہوتے ہوئے جوابی فائرنگ کی جس سے اہلکار زخمی ہوگیا۔ بعدازاں پولیس اہلکار فیاض علی ہسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔ اوکاڑہ پولیس مقابلے میں 2ڈاکو ہلاک ہوگئے، 2رات کی تاریکی کافائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، قریبی گائوں کے دیہایتوں نے بھی پولیس سے مل کر ڈاکوئوں سے مقابلہ کیا۔ 4 نامعلوم ڈاکو نہرانوالہ روڈ چک نمبر52D روڈ کوبلاک کر کے راہگیروںکولوٹ رہے تھے کہ اس کی اطلاع قریبی گائوں کے دیہاتیوں کو ملی۔ مساجد میں اعلان کروا کے کافی تعداد میں دیہاتی اکھٹے ہوکر آگئے، اس دوران پولیس بھی آگئی۔ ڈاکوئوں نے دیہایتوں اورپولیس کودیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی اور فصلوں میں جاگھسے ڈاکوئوں کی فائرنگ کی وجہ سے پولیس اور دیہاتیوں نے بھی ڈاکوئوں پر جوابی فائرنگ شروع کردی۔ فائرنگ بند ہونے پر پولیس اوردیہاتیوں نے مل کر سرچ شروع کی تو دیکھا کہ تھوڑے تھوڑے وقفے پر 2ڈاکوئوں ہلاک ہوئے پڑے ہیں جن کی تاحال شناخت نہ ہوسکی ہے۔