• news

ٹرمپ چلے گئے اب انکے دوست عمران کو جانا ہوگا پاکستان میں اللہ کا نظام چلے گا سراج الحق

اسلام آباد (وقائع  نگار خصوصی) ا میرجماعتِ اسلامی پاکستان و سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ ٹرمپ چلا گیا، اب عمران خان کی باری ہے، عمران خان نے کہا تھا کہ دنیا کو ان کی اور ٹرمپ کی ضرورت ہے، وہ بڑے فخر سے ٹرمپ کو اپنا دوست کہتے تھے  ٹرمپ چلا گیا اب انہیں بھی جانا ہوگا، حکومت نے ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا، جھوٹ کا ورلڈ کپ ہو جائے تو وزیرِاعظم عمران خان بلامقابلہ جیت جائیں گے۔بونیر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیرِجماعتِ اسلامی پاکستان و سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ  سرکاری نوکری چھوڑ کر اسلامی انقلاب کے لیے خود کو وقف کیا، پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی اور خوش حال پاکستان بنائیں گے۔ سراج الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت بھی گزشتہ حکومتوں کا تسلسل ہے، پی پی اور نون لیگ کے لوگ موجودہ حکومت کا انجن چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ہمارے لوگوں کو علاج، تعلیم اور روزگار سے محروم رکھا، پی ٹی آئی نے عوام کو مہنگائی دی، ہماری ثقافت کو تباہ کیا۔ امیرِ جماعتِ اسلامی نے کہا کہ پی ٹی آئی نے عوام کا خون نچوڑا، کشمیری شہدا سے غداری کی، ایک وعدہ بھی اس حکومت نے پورا نہیں کیا، آپ کب تک لوگوں کو دھوکہ دیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ میں اعلان کرتا ہوں کہ پاکستان میں اللہ تعالی کا نظام چلے گا، امریکا، انگریزوں، جاگیرداروں اور کرپٹ لوگوں کا نظام برداشت نہیں۔ سراج الحق نے کہا کہ گورنر ہاؤس کو یونیورسٹی اور 50 لاکھ گھر بنانے کا وعدہ کیا تھا، یہ پی پی اور مسلم لیگ کا تحفہ ہیں، ان کے لوگ ہی پی ٹی آئی میں آئے ہیں۔ امیرِ جماعتِ اسلامی نے کہا کراچی سے لیکر چترال تک قوم کو جدوجہد کے لیے تیار رہنا چاہئے۔

ای پیپر-دی نیشن