عوام پیپلز پارٹی سے 10سالہ کرپشن کا حساب لیں گے: مصطفیٰ کمال
کراچی (نیوز رپورٹر) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے باغ جناح میں جلسے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو الیکشن کمپین کی طرح چلایا جا رہا ہے۔ اپوزیشن کی سیاسی جماعتیں اپوزیشن میں ہونے کا ڈرامہ کر رہی ہیں۔ عمران خان کی حکومت نے بھی ہمیں صوبائی حکومت کے ہاتھوں مرنے کے لیے چھوڑ دیا ہے۔ پچھلے 12 سالوں سے سندھ میں 70 لاکھ بچے تعلیم سے محروم ہیں۔ عدالتیں فیصلہ دے رہی ہیں کہ اگر اب کتوں نے کسی کو کاٹا تو اس علاقے کے ڈپٹی کمشنر کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے۔ حکمرانوں میں اتنی جرات ہے تو عوام کے حقوق کی بات کریں۔ اب مصطفی کمال اور اس کے لوگوں کا دور ہے۔ پی ایس پی والے کراچی کے وارث ہیں۔ صوبے اور پاکستان کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ تمہارا دور ختم ہونے والا ہے۔ کسی قوم کو توڑنا ہو تو اس سے امید چھین لو۔ آج کسی حکمران کو یہ سوچنے کی توفیق نہیں ہے کہ ان کی حکمرانی سے عوام کو کیا فائدہ ہے۔ صرف دوسروں کے لیے چور چور کا نعرہ لگاتے رہتے ہیں عوام کا کسی کو خیال نہیں ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے 10 سالہ دور میں این ایف سی ایوارڈ کے تحت 6694 ارب روپے خرچ کیے۔8 ہزار 342 ارب روپے پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت گزشتہ 10 سالوں میں کرپشن کی نظر کر چکی ہے۔ رکشے والوں کے اکائونٹ سے اربوں روپے نکل رہے ہیں۔ تین سو ارب روپے میں کراچی کی سینکڑوں سڑکیں اور انڈر پاسز اور فلائی اوور بنائے۔ 400 سے زائد پارکس بنائے۔ پورے شہر کو روشن کیا۔ صرف 300 ارب روپے خرچ کرنے پر دنیا بھر سے ایوارڈ ملے۔ پیپلز پارٹی نے دس سالوں میں 8 ہزار 342 ارب خرچ کر دیئے۔ کراچی اب انکا حساب لے گا۔ عمران خان کراچی والوں کے لیے11 سو ارب روپے کے پیکیج کا اعلان کر کے چلے گئے۔ عمران خان کہتے ہیں کہ اپوزیشن والے چور ہیں میں ان سے بات نہیں کروں گا، جسکی وجہ سے ملک میں سیاسی بحران پیدا ہوگیا۔ اس ملک میں بادشاہت نہیں، یہ آئین کے مطابق چلتا ہے۔ ملک میں مہنگائی کا طوفان ہے۔ غریب کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل ہوگیا ہے۔ معیشت تباہ ہو گئی ہے۔ بے روزگاری مسلسل بڑھ رہی ہے۔ معصوم بچیوں کو زیادتی کے بعد قتل کیا جا رہا ہے۔ اس کے ذمہ داران حکمران ہیں۔ مودی کشمیریوں کا قاتل ہے اس سے بات کرنے کے لیے تیار ہیں لیکن اپنے ملک کی اپوزیشن کی جماعتوں سے بات کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں جو پاکستان کی عوام کے ووٹ سے منتخب ہوئے ہیں۔ عمران خان جمہوریت کی بات کرتے ہیں لیکن وہ آئین پر عمل نہیں کر رہے۔ عوام پیپلز پارٹی سے 10سالہ کرپشن کا حساب لیں گے۔