بلوچستان ہائیکورٹ کے ہر فیصلے میں میرٹ کو ترجیح دی جاتی ہے چیف جسٹس
کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس جمال خان مندوخیل کا کہنا ہے کہ بلوچستان بھر میں انصاف اور قانون کے مطابق ہر فیصلے میں میرٹ کو ترجیح دی جاتی ہے۔ ہرنائی میں نو تعمیر شدہ جوڈیشل کمپلیکس کا افتتاح کرتے ہوئے چیف جسٹس جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہاکہ ہرنائی میں جوڈیشل کمپلیکس کی تعمیر ایک بڑا اور احسن اقدام ہے اس منصوبے کا بنیادی مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کمپلیکس میں لوگوں کو انصاف کے حصول میں ایک چھت تلے سہولیات میسر آسکیں گی جوڈیشل ادارے انصاف کی علامات کے طور پر پہچانے جاتے ہیں۔ چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ نے مزید کہا کہ قانون کے بر خلاف کسی بھی ناانصافی کو برداشت نہیں کیا جائے گا جبکہ اس ضمن میں عوام الناس کی فراہمی انصاف کیلئے عدلیہ کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں اور عوام سے وعدہ کرتے ہیں کہ انہیں بہرصورت انصاف ملے گا۔ جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ جوڈیشل کمپلیکس کی یہ عمارت اب بن چکی ہے لیکن یہاں پر وکلا، ججز اور عوام کے جو بھی مسلئے ہوں ان کے حل کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائیگا اور جوڈیشل کمپلیکس میں بیٹھنے کیلئے بنچیز، پینے کے لئے صاف پانی اور سردی اور گرمی کے موسموں میں ضروری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ اس موقع پرججز صاحبان کے علاوہ دیگر اعلیٰ سرکاری عہدیداروں، وکلاء برادری کے نمائندے، سیاسی و مذہبی شخصیات بھی موجود تھیں۔