• news

شجاعت کی مزاج پرسی کیلئے صدر علوی، شیخ رشید کے فون، سیاسی شخصیات کی آمد جاری

لاہور(خصوصی نامہ نگار) چودھری شجاعت حسین کی مزاج پرسی کیلئے مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ، مختلف سیاسی رہنمائوں اور اہم سماجی شخصیات کی سروس ہسپتال آمد اور ٹیلیفون پر ان کی خیریت دریافت کرنے اور نیک خواہشات کے اظہار کا سلسلہ جاری ہے۔ چودھری پرویزالٰہی، مونس الٰہی، شافع حسین اور سالک حسین چوتھے روز بھی ہسپتال میں موجود رہے اور بڑی تعداد میں ہسپتال آنے والی شخصیات سے ملاقاتوں کے علاوہ ٹیلیفون کرنے والوں کو چودھری شجاعت کی طبیعت کے بارے میں آگاہ کرنے کے علاوہ اظہار تشکر کرتے رہے جبکہ حسین الٰہی، حسن الٰہی، چودھری ریاض اصغر، میاں عمران مسعود بھی ہسپتال میں موجود تھے۔ پیر کو فون کرنے والوں میں صدرڈاکٹر عارف علوی، ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان، چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی، وزیر ریلوے شیخ رشید احمد، گورنر سندھ عمران اسماعیل، سابق وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان بھی شامل تھے۔ جنہوں نے سیاسی بصیرت اور ان سے اپنے دیرینہ تعلقات کا ذکر کیا اور ان کی جلد از جلد اور مکمل صحت یابی کی دعا کی۔ شجاعت حسین کی عیادت کیلئے ہسپتال آنے والوں میں ن لیگ کے ایم این اے شیخ روحیل اصغر، صوبائی وزراء میاں محمود الرشید، میاں اسلم اقبال، ارکان پنجاب اسمبلی کاشف محمود، خواجہ سلمان رفیق، مخدوم عثمان محمود، رکن سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ، ممتاز صنعتکار زبیر چٹھہ، گروپ لیڈر اپٹما گوہر اعجاز کے علاوہ سابق اپوزیشن لیڈر رانا اکرام ، سابق ایم پی اے آجاسم شریف، چودھری سلیم بریار، میاں منیر، شیخ عمران، ذوالفقار پپن، شیخ عمر، رانا خالد، صدف بٹ، ارشاد بی انجم، محمد محفوظ، سہیل سرفراز چیمہ، شکیل عطاء ورک، ساجد دلشاد اور دیگر شخصیات کے علاوہ کارکنوں کی بڑی تعداد شامل تھی۔

ای پیپر-دی نیشن