مزار قائد کی بحرمتی: پولیس نے مریم نواز کیپٹن (ر) صفدر کیخلاف مقدمہ جھوٹا قرار دیدیا
کراچی (نوائے وقت رپورٹ)کراچی پولیس نے مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف مزار قائد کی بے حرمتی کا کیس جھوٹا قرار دے دیا۔سٹی کورٹ میں مزار قائد بے حرمتی کیس کی سماعت ہوئی۔پولیس نے تفتیش کے بعد مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف مزار قائد کی بے حرمتی کا کیس جھوٹا قرار دے دیا۔پولیس نے استغاثہ کے اعتراضات دور کرکے حتمی چالان جمع کروادیا اور مقدمے سے املاک کو نقصان پہنچانے اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کے الزامات خارج کردیے۔ پراسیکیوشن نے پولیس چالان سے اتفاق کرتے ہوئے چالان کو بی کلاس کردیا۔پولیس رپورٹ کے مطابق کیپٹن (ر) صفدر کیخلاف جھوٹا مقدمہ درج کرایا گیا۔ سرکاری وکلاء نے چالان سکروٹنی کے بعد پیش کردیا۔ متعلقہ مجسٹریٹ کے رخصت پر ہونے کے باعث کارروائی نہ ہوسکی۔ چالان منظور کے بعد جھوٹے مقدمے کیخلاف ایف آئی آر درج ہوگی۔