گستاخانہ خاکوں کیخلاف بچیکی میں طلباء کی ریلی، فرانس کیساتھ تعلقات ختم کرنیکا مطالبہ
ننکانہ صاحب (نما ئندہ خصوصی) ننکانہ صاحب کے قصبہ بچیکی میں تعلیمی اداروں کے طلباء بھی فرانس کی طرف سے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف سڑکوں پر آگئے، طلباء کا حکومت پاکستان سے فرانس کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم کر نے کا مطالبہ کیا، فرانس کی طرف سے گستاخانہ خاکوں کے اشاعت کے خلاف بچیکی میں مختلف تعلیمی اداروں کی طرف سے احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت معروف عالم دین مولانا ضیاء السلام قمر نے کی جبکہ ریلی میں مختلف تعلیمی اداروں اور مدارس کے طلبا،اساتذہ اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی،شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر فرانس کے خلاف نعرے درج تھے،شرکاء نے فرانس کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی،ریلی جب مین اڈہ چوک پہنچی تو سماجی تنظیم عزم پاکستان فاؤنڈیشن کی طرف سے شرکاء پر گل پاشی کی گئی،ریلی گرلز ڈگری کالج چوک سے شروع ہو ئی، مولانا ضیاء السلام قمر نے کہا کہ حضرت محمد ﷺ سے محبت ہمارے ایمان کا بنیادی حصہ ہے،ایک ایک مسلمان نبی رحمت ﷺ کی حرمت پر کٹ مرنے کو ہمہ وقت تیار ہے، کسی بھی گستاخ رسول ﷺ کی حرکت کو کسی بھی صورت معاف نہیں کیا جاسکتا اس لئے حکومت پاکستان فی الفور فرانس کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان کرے، مطالبہ کیا کہ وہ فرانس کی مصنوعات کا بائیکاٹ کر دیں تاکہ اسے مسلمانوں کے جذبات کا احساس ہو سکے۔