حکومت جعلی عمران کانام لینا مجبوری پی پی سے مقابلہ بلاول پر ذاتی حملے برداشت نہیں مریم نواز
اسلام آباد+گلگت (وقائع نگار خصوصی +نوائے وقت رپورٹ) مریم نواز نے کہا کہ جعلی حکومت کو کبھی تسلیم نہیں کیا، اس کی قسمت میں عوام کی خدمت کرنا نہیں لکھا۔گلگت بلتستان کے علاقے گوپس میں جلسے سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ اگر گلگت بلتستان میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئی تو گوپس کو ضلع کا درجہ دیا جائے گا۔ یہ اجتماع بتارہا ہے گلگت بلتستان میں شیر آئے گا، انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے گلگت بلتستان میں سابقہ دور حکومت کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ ہمارے وزیر اعلیٰ نے گلگت بلتستان سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دیامر اور بھاشا ڈیم پر نواز شریف نے جتنا کام کیا وہ آج تک کسی حکمران نے نہیں کیا تاہم اب معلوم ہوا کہ وہاں کے عوام کو اس کا معاوضہ صحیح نہیں دیا جارہا اور نوکریوں میں بھی ان کا حق نہیں دیا جارہا، میں اس کے خلاف آواز اٹھاؤں گا۔ مہنگائی، بے روزگاری سمیت عوام کے تمام مسائل کا حل صرف نواز شریف ہے۔ پاکستان میں موٹرویز، گلگت بلتستان سمیت پورے پاکستان میں سڑکوں کا جال، دہشت گردی کا خاتمہ، لوواری ٹنل، دیامر بھاشا ڈیم پر کام، نیلم جہلم منصوبے پر کام نواز شریف نے کیا۔ مہنگائی میں کمی، گوادر کو پاکستان سے جوڑنا، آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہنے والا نواز شریف ہے اور انہیں ان ہی کاموں کی سزا دی جارہی ہے۔ نواز شریف کو جن مخالفین کا سامنا ہے وہ اخلاق سے گرے ہوئے لوگ ہیں، انہیں بدزبانی، انتقام اور نواز شریف سے حسد کے سوا کوئی کام نہیں آتا۔ عمران خان کا نام تک لینا نہیں چاہتی، جب علاج مقصود ہو تو بیماری کا نام لینا پڑتا ہے، پاکستان کو آج جو بیماری لاحق ہے اس کا نام عمران خان ہے۔ پاکستان میں یہ بیماری 2018 میں آگئی تھی اور یہ بیماری ماسک پہننے سے نہیں جاتی بلکہ اسے اٹھا کر باہر پھینکنا ہوگا۔ عمران خان اور اس کے ساتھی وہ لوگ ہیں جب منہ کھولتے ہیں تو ان کے منہ سے غلاظت ٹپکتی ہے، ایسے شخص کا مقام وزیراعظم ہاؤس نہیں بلکہ انہیں عوام کے حوالے کرو تاکہ وہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کردیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی عوام سمجھ بوجھ رکھنے والے ہیں، ڈوبتی حکومت کے جہاز میں سوار نہیں ہوں گے بلکہ اس سے چھلانگ لگائیں گے۔ ’گوپس کی عوام سے کہنا چاہتی ہوں کہ لوٹوں کو ووٹ نہیں دینا، لوٹے کی جگہ باتھ روم میں ہے یا گلگت بلتستان کے پولنگ اسٹیشنز میں، انتخابات میں ان لوٹوں کو دریائے یاسین میں سیاسی طور پر ہمیشہ کے لیے بہا دیں گے۔ غذر کی تحصیل یاسین میں جلسے سے خطاب کرتے انہوں نے کہا کہ اان کو نواز شریف کے سوا کوئی دوسرا لفظ نہیں آتا، کنٹینر پر تھے تب بھی نواز شریف اور اب حکومت میں ہیں تب بھی نواز شریف کی بات کرتے ہیں۔ دنیا بھر میں تبدیلی کی ہوا چل پڑی ہے، بد زبانوں کو امریکہ سے بھی لوگوں نے نکال پھینکا اور یہاں سے بھی نکال کر پھینکیں گے۔یہ حکمران صرف جعلی اور سلیکٹڈ نہیں، ان کی سوچ بھی گندی ہے، ان کی ذہنیت بھی گندی ہے اور ان کی زبانیں بھی گندی ہیں۔ انتخابات میں دھاندلی کی گئی تو عوام آپ کا گھیراؤ کریں گے، دھاندلی کا فیصلہ نا مسلم لیگ (ن) مانے گی نا گلگت بلتستان کے عوام مانیں گے، مہنگائی نے گھر اجاڑ دیئے آپ کہتے ہیں گھبرانا نہیں۔پیپلزپارٹی سے ہمارا مقابلہ ہے لیکن بلاول پر ذاتی حملے برداشت نہیں۔مریم نواز نے شہید لالک جان نشان حیدر کے مزار پر حاضری دی۔ فاتحہ خوانی کی پھول چڑھائے اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔