• news

پی ڈی ایم، پی ٹی آئی کا بیانہ ایک، دونوں اداروں کو متنازعہ بنا رہے ہیں، سراج الحق 

لاہور(خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کے بیانیے میں کوئی فرق نہیں۔ دونوں اپنے اپنے مفادات کی تکمیل کیلئے اداروں کو متنازع بنا رہی ہیں۔ اقتدار برائے اقتدار مفادات کا نظریہ ہے جبکہ ملک کے جمہور نظریہ پاکستان اپنی عملی شکل میں دیکھنا چاہتے ہیں۔ حکومت اور اپوزیشن اپنی اپنی بقاکی جنگ لڑرہی ہیں۔ حکمرانوں نے نظریے کو زندہ دفن کر دیا ہے۔ سڑک بنانا آسان جبکہ قوم بنا نا مشکل ہے۔ حکمرانوں نے قوم کو جوڑنے کی بجائے انتشار اور انارکی کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔ ہم پاکستانی قوم کو ایک ملت بنانا چاہتے ہیں۔ خاندانوں اور افراد کے گرد گھومنے والی پارٹیاںجمہوریت کا راگ آلاپ کر عوام کو دھوکہ نہیں دے سکتیں۔ جماعت اسلامی ملک کو آئین و قانون کے مطابق چلانے اور جمہوریت کی حکمرانی قائم کرنا چاہتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کہوٹہ میں شمولیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ سے شمالی پنجاب کے امیر ڈاکٹر طارق سلیم نے بھی خطاب کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ  لنگر خانوں ،پناہ گاہوں ‘کٹے  اور مرغی  انڈوںکی معیشت کا وژن رکھنے والی حکومت نے زراعت، صنعت اور معیشت کا بیڑا غرق کر دیا ہے۔ حکومت لنگر خانوں کی بجائے کارخانے بنانے کی طرف توجہ دیتی تو لاکھوں نوجوانوں کو روز گار دیا جاسکتا تھا مگر حکومت نے نوجوانوں کو نوکریاں دینے کی بجائے انہیں ٹائیگر بنا دیا۔ اب وہ مرغیاں اورکٹے ڈھونڈ رہے ہیں۔ سینیٹر  نیب کی الماریوں میں کرپشن کے 150میگا سکینڈل کی فائلیں پڑی گل سڑ رہی ہیں مگر ان پر کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی۔ پانامہ کے 436 ملزم آزاد پھر رہے ہیں۔ ان تمام کیسز پر سپریم کورٹ، نیب اور حکومت کی طرف سے  پراسرار خاموشی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن