ممبئی ہائیکورٹ کا مودی کے چہیتے انتہاپسند اینکرگوسوامی کو ضمانت دینے سے انکار
نئی دہلی (بی بی سی) انڈیا کے معروف ٹی وی اینکرمودی کے چہیتے انتہاپسند، مسلمانوں کیخلاف بغض رکھنے والے ممبئی اور رپبلک ٹی وی کے سربراہ ارنب گوسوامی کو ہائی کورٹ نے عبوری ضمانت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ ارنب گوسوامی کو رائے گڑھ پولیس نے خودکشی پر اکسانے کے ایک معاملے میں گرفتار کیا ہے اور وہ فی الحال 14 دنوں کی عدالتی حراست میں ہیں۔ ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ارنب اگر چاہیں تو اس فیصلے کو چیلنج کرنے کے لیے آئندہ چار دنوں میں سیشن کورٹ میں جا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ عدالت نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ معمول کی ضمانت کے لیے ذیلی عدالت میں اپیل کر سکتے ہیں۔ مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلی دیویندر پھڈنویس نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ہائی کورٹ کو ارنب کے ساتھ تحویل میں ہونے والے سلوک کا از خود نوٹس لینا چاہیے۔ ارنب گوسوامی نے الزام لگایا ہے کہ ان کو مارا پیٹا گیا ہے۔ مسٹر ارنب کی عبوری ضمانت کے متعلق ہائی کورٹ کے فیصلے کے درمیان سوشل میڈیا پر ان گرفتاری اور رہائی کے متعلق گرما گرم مباحثہ جاری ہے۔ ارنب کی گرفتاری کے بعد انڈیا میں حکمراں جماعت بی جے پی کی جانب سے شدید تنقید کی گئی اور وزیر داخلہ امیت شاہ سمیت دوسرے اہم مرکزی وزیروں نے اسے تنقید کا نشانہ بنایا۔ اس دوران سوشل میڈیا پر ایک صارف، جو بظاہر ارنب کے حامی محسوس ہوتے ہیں، سوال کرتے ہیں کہ 'ارنب کی زندگی خطرے میں ہے، کیا بی جے پی حکومت بھی ان کو نہیں بچا سکتی؟'