غذر کے نوجوانوں کو روزگار دینا اولین ترجیح‘ وعدے نہیں عمل ہوگا: کامل علی آغا
لاہور(خصوصی نامہ نگار)مسلم لیگ کے مرکزی رہنما سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ گلگت بلتستان کو پاکستان میں شامل ہوئے 74سال ہو گئے، اس سرزمین جس نے لالک جان جیسے سپوت پیدا اور پاکستان پر قربان کیے، انہی بہادر لوگوں نے تحریک پاکستان میں بھی اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا تھا، گلگت بلتستان کے لوگوں نے خود آزادی حاصل کی اور قائداعظم سے خواہش ظاہر کی کہ ہمیں بھی پاکستان میں شامل کیا جائے، وہ گلگت بلتستان کے حلقہ جی بی 20 غذر میں مسلم لیگی امیدوار خان اکبر خان کے انتخابی جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔ کامل علی آغا نے کہا کہ ہم غذر کو لاہور یا کراچی سے دور نہیں سمجھتے، یہ علاقہ ہم سب کے دلوں کی دھڑکن ہے، خان اکبر خان مسلم لیگ کے وہ سپوت ہیں جنہوں نے اس علاقے کے مسائل کو حل کرنے کا بیڑہ اٹھایا ہے، آپ سب انہیں کامیاب بنائیں۔ غذر کے نوجوانوں کو یہاں پر ہی روزگار دینا ہماری اولین ترجیح ہے، ہم دوسری جماعتوں کی طرح وعدے نہیں عمل کر کے دکھائیں گے کیونکہ ہم نے پنجاب کے لوگوں کی ایسی خدمت کی اور روزگار کے مواقع پیدا کیے جس کو لوگ آج بھی یاد کرتے ہیں۔آپ گلگت بلتستان میں ہمارے امیدواروں کو کامیاب کروائیں تاکہ چودھری شجاعت حسین کے روزگار فراہمی کے خواب کو پورا کیا جا سکے۔