مریم اورنگزیب کا شہباز شریف کو جیل میں ڈاکٹر تک فوری رسائی دینے کا مطالبہ
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی کمر کی تکلیف میں اضافے کے ذمہ دار عمران خان ہیں۔مریم اورنگزیب نے صدر پاکستان مسلم لیگ ن اور قائدِ حزبِ اختلاف شہباز شریف کو جیل میں ڈاکٹر تک فوری رسائی دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جیل میں شہبازشریف کی کمر کی تکلیف زیادہ ہونے کا ذمہ دار ووٹ چور عمران خان ہے، جو شخص اپنے سیاسی مخالفین کی صحت پر سیاست کرے وہ قابلِ ترس ہے اور اس سے زیادہ گھٹیا اور چھوٹا شخص کوئی نہیں ہوسکتا۔ ترجمان ن لیگ نے کہا کہ عمران صاحب جان بوجھ کر شہبازشریف کی صحت کو نقصان پہنچا رہے ہیں، آپ شہبازشریف کو اذیت دے کر آپ اپوزیشن کو بلیک میل نہیں کرسکتے، شہباز شریف کوجانتے بوجھتے ہوئے بکتر بند میں لایا گیا جس سے ان کی کمر میں تکلیف ہوئی، انہیں اسپتال میں اپنے ڈاکٹر تک رسائی نہ دینا کم ظرفی کی انتہا ہے، عمران صاحب سیاسی انتقام ، حسد اور ضد میں جو مرضی کر لو، آپ کو این آر او نہیں ملے گا۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران صاحب کوٹ لکھ پت میں آپ کے حکم پر جو سلوک شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے ساتھ ہو رہا ہے وہ آپ کے خوف ، ہار اور چھوٹے پن کا منہ بولتا ثبوت ہے، کب تک آخر کب تک ریاست کی طاقت کو شہباز شریف کے خلاف استعمال کریں گے۔