• news

اعجاز شاہ نے بیان پر اے این پی  اور پرویز خٹک نے جہانگیر ترین سے معذرت کر لی

پشاور/ اسلام آباد ( بیورورپورٹ/ آن لائن ) پاکستان تحریک انصاف کے وفد نے وزیردفاع پرویز خٹک کی قیادت میں گزشتہ روز باچاخان مرکز پشاور کا دورہ کیا اور وزیرداخلہ اعجاز شاہ کے اے این پی کے بارے میںمتنازعہ بیان پر باقاعدہ معذرت کرلی۔ پرویزخٹک کے علاوہ وزیرداخلہ اعجاز شاہ،  وزیرتیمورسلیم جھگڑا اور ایم این اے ارباب شیرعلی شامل تھے۔ وفد نے وزیرداخلہ کے بیان پر جرگہ کی صورت میں اے این پی کے مرکزی و صوبائی قائدین کو معذرت کی جسے عوامی نیشنل پارٹی کے قائدین نے قبول کیا۔ اس موقع پر اے این پی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میاں افتخارحسین، صوبائی صدر ایمل ولی خان، صوبائی جنرل سیکرٹری سردارحسین بابک، صوبائی ترجمان ثمرہارون بلور، بزرگ رہنما حاجی غلام احمد بلور، مرکزی سیکرٹری مالیات حاجی ہدایت اللہ سمیت مرکزی و صوبائی کابینہ کے دیگر اراکین موجود تھے۔ اے این پی قائدین نے ان کا جرگہ قبول کرتے ہوئے 11نومبر کو اسلام آباد کی طرف مارچ کا فیصلہ واپس لے لیا۔  وزیردفاع پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ ہم جرگہ لے کر آئے تھے کہ اگر اس بیان سے د ل آزاری ہوئی ہے تو معذرت کرتے ہیں۔ وزیرداخلہ اعجاز شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اے این پی قائدین کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے جرگہ قبول کیا اور ہمیں عزت دی۔ اے این پی سمیت جتنے بھی شہدا ہیں،اگر کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو معذرت کرتے ہیں۔ میں نے ایسے کوئی بات کی ہی نہیں جس طرح اسے لیا گیا، میں معذرت خواہ ہوں۔ ایمل ولی خان نے کہا کہ ہم نے پختون روایات کے مطابق پی ٹی آئی کا جرگہ قبول کیا اس جرگے کے بعد مطالبات واپس لیتے ہیں ۔جہانگیر ترین کی پاکستان واپسی کے بعد وزیر دفاع پرویز خٹک نے اپنے بیان پر معافی مانگ لی۔انہوں نے کہا  جہانگیر ترین سے متعلق کچھ اور کہہ رہا تھا مگر میرے منہ سے کچھ اور ہی نکل گیا ، اپنے جلسے کے الفاظ پر جہانگیر ترین سے معافی چاہتا ہوں۔یاد رہے کہ چند روز قبل ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں  پرویز خٹک نے نوشہرہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ جہانگیر ترین کا نام چینی چوری میں آیا تو بھاگ کر لندن چلاگیا اور جہانگیر ترین جیسے شخص نے اپنی ہر چیز بھی بیچ دی ،  جہانگیر ترین نے جہاز چلائے اور اتنی زیادہ محنت کی لیکن پھر بھی لندن جا کر بیٹھ گیا۔

ای پیپر-دی نیشن