نیب کی درخواست سماعت کیلئے منظور‘ ہائیکورٹ رانا ثناء کیخلاف استدعا‘ 16 نومبر کو سنے گی
لاہور (وقائع نگار خصوصی) ہائیکورٹ نے نیب کی درخواست سماعت کیلئے منظور کرلی اور سابق صوبائی وزیر رانا ثناء اللہ کے خلاف دائر نیب کی درخواست آئندہ ہفتے سماعت کیلئے پیش کرنے کا حکم دیدیا ۔ نیب کی متفرق درخواست پر سماعت کی جس میں رانا ثناء اللہ کی درخواست جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی استدعا کی گئی۔ عدالت نے رجسٹرار آفس کو ہدایت کی کہ رانا ثناء اللہ کے خلاف درخواست 16 نومبر کیلئے سماعت کیلئے پیش کی جائے۔ نیب نے نشاندہی کی کہ رانا ثناء اللہ آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں 25 مارچ سے عبوری ضمانت پر ہیں اور سابق صوبائی وزیر اپنی ضمانت کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔ رانا ثناء اللہ نیب کے ثبوتوں اور شواہد کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ وکیل نے استدعا کی لاہور ہائیکورٹ رانا ثناء اللہ کی درخواست پر جلد سماعت کی تاریخ مقرر کرے۔ ادھر نیب نے آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام میں رانا ثناء اللہ کو 10 نومبر کو طلب کیا ہوا ہے۔