• news

ایرانی وزیر خارجہ پاکستان پہنچ گئے‘ وزیراعظم‘ آرمی چیف سے ملاقاتیں کرینگے 

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر جواد  ظریف دورہ پاکستان پر اسلام آباد پہنچ گئے۔ پاکستانی  قیادت کے ساتھ دو طرفہ تعلقات اور علاقائی سلامتی کے امور پر اہم مشاورت کریں گے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق دفتر خارجہ کے بیان  میں بتایا گیا ہے  جواد ظریف وفود کی سطح پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے مذکرات اور مختلف اعلی حکومتی شخصیات سے ملاقات کریں گے۔ ایرانی وزیر خارجہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ‘ وزیراعظم عمران خان سے بھی ملیں گے۔ جواد ظریف کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان معمول کے اعلی سطح رابطوں کا حصہ ہے۔ گزشتہ اڑھائی سال کے دوران یہ ان کا پاکستان کا چوتھا دورہ ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان مشترک دین و ثقافت اور باہمی اخوت و اعتماد پر مبنی قریبی خوشگوار تعلقات استوار ہیں۔ مختلف شعبہ جات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون فروغ پا رہا ہے۔ ایرانی قیادت نے مسئلہ کشمیر پر واشگاف اور اور ٹھوس حمایت کی ہے۔ ایران کے وزیر خارجہ کے دورے سے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی اور مختلف علاقائی معاملات پر ہم آہنگی مزید بڑھے گی۔ جواد ظریف آج شام مقامی تھنک ٹینک انسٹی ٹیوٹ آف سٹرٹیجک سٹڈیز میں پاکستان اور ایران  کے درمیان قربت کی اہمیت اور پڑوسی ہونے کے تقاضوں  کے موضوع پر گفتگو کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن