مسلم لیگ ن کو بڑا جھٹکا، گلگت سے سابق وزیر میجر (ر) امین تحریک انصاف میں شامل
گلگت ( نوائے وقت رپورٹ) مریم نواز کی گلگت بلتستان میں موجودگی کے دوران (ن) لیگ کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ سینئر رہنما اور سابق صوبائی وزیر میجر (ر) امین پارٹی چھوڑ کر تحریک انصاف میں شامل ہو گئے ہیں۔اس سلسلے میں ان کی پی ٹی آئی کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی سے خصوصی ملاقات ہوئی۔ وفاقی وزیر برائے امور کشمیر وگلگت بلتستان علی امین گنڈا پور اور تحریک انصاف کی امیدوار آمنہ انصاری بھی اس موقع پر موجود تھیں۔میجر (ر) امین نے اس موقع پر ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت جبکہ آمنہ انصاری کی بھی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔ان کا کہنا تھا کہ بھرپور غور وفکر کے بعد ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔ شریف خاندان نے دشمن کے بیانیے کو اپنایا ہے اور اب وہ گلگت میں نقب لگانے کیلئے کوشاں ہے۔ میجر (ر) امین کا کہنا تھا کہ کرپشن کے ریکارڈ توڑنے اور گلگت بلتستان کو محرومیوں کی نذر کرنے والوں کا ساتھ نہیں دے سکتے۔ عمران خان گلگت بلتستان کی امید اور تحریک انصاف ہمارے حقوق کی نگہبان ہے۔ تحریک انصاف کو کامیاب کروائیں گے، اس موقع پر بات کرتے ہوئے سیف اللہ خان نیازی نے سابق لیگی رہنما کی پی ٹٰی آئی میں شمولیت کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ شکست کے واضح آثار نے شریفوں اور زرداریوں کی نیندیں اڑا کر رکھ دی ہیں۔ دھاندلی کے شور سے شکست کی خفت مٹانے کی منصوبہ بندی کرنے والوں پر نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔ اللہ کے فضل اور عوام کے ووٹ سے مضبوط حکومت قائم کریں گے۔