• news

عمران کے اثاثوں میں کمی، 8کروڑ کے مالک، پرویز خٹک 13کروڑ سے زائد

اسلام آباد (قاضی بلال؍خصوصی نمائندہ) الیکشن کمیشن نے اراکین قومی اسمبلی کے سال 20-2019  کے گوشواروں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان 8 کروڑ سے زائد روپے مالیت کے اثاثوں کے مالک ہیں، 4 غیرملکی اکانٹس میں 3 لاکھ 31 ہزار 230 امریکی ڈالرز اور 518 پاونڈز موجود ہیں۔ الیکشن کمیشن کی دستاویز کے مطابق  وزیراعظم عمران خان کے پاس 1 کروڑ 99 لاکھ سے زائد کیش بھی موجود ہے۔ ان کے پاس 2 لاکھ روپے مالیت کی چار بکریاں بھی موجود ہیں۔ وزیر اعظم نے فیروزوالہ میں 80 کنال زمین کے عوض 7 کروڑ سے زائد کا ایڈوانس بھی لے رکھا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر 8 کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں اور 1 کروڑ 26 لاکھ روپے سے زائد رقم کے مقروض ہیں۔ وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان 1 ارب 21 کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک نکلے۔ انہوں نے 2 کروڑ روپے کا قرض لے رکھا ہے۔وزیر دفاع پرویز خٹک 15 کروڑ سے زائد مالیت کے اثاثے رکھتے ہیں جبکہ اپنی ساس کے اڑھائی کروڑ روپے کے مقروض ہیں۔ تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی نور عالم خان 3 ارب 20 کروڑ سے زائد مالیت کے اثاثوں کے مالک نکلے۔ وفاقی وزیر فیصل واوڈا تریسٹھ کروڑ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی چوبیس کروڑ، شفقت محمود پندرہ کروڑ، حماد اظہر چھتیس کروڑ اور ان کی اہلیہ اٹھائیس کروڑ سے زائد مالیت کے اثاثوں کی مالک ہیں۔ وفاقی وزیر اسد عمر چھیاسٹھ کروڑ، مراد سعید  اکتیس لاکھ روپے اور پندرہ تولے سونا، عامر محمود کیانی چودہ کروڑ انہتر لاکھ، غلام سرور پانچ کروڑ، فواد چوہدری گیارہ کروڑ سولہ لاکھ سے زائد کے اثاثوں کے مالک ہیں۔ اسی طرح سابق صدر آصف زرداری 67 کروڑ اٹھاسٹھ لاکھ روپے اور نواب شاہ میں کروڑوں کی جائیداد کے مالک ہیں۔ بلاول بھٹو ایک ارب اٹھاون کروڑ باون لاکھ روپے اور قیمتی جائیداد اور دبئی میں بھی کروڑوں روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں۔ مسلم لیگ ن میں خواجہ سعد رفیق بارہ کروڑ روپے، ایاز صادق چھ کروڑ، شاہد خاقان عباسی چھ کروڑ، مونس الہی ایک ارب بیالیس کروڑ نولاکھ روپے، امین الحق ڈیڑھ کروڑ، خالد مقبول صدیقی ایک کروڑ روپے، شیخ رشید چار کروڑ پینسٹھ لاکھ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن