7ارب سے زائد اثاثے نیب نے سابق آئی جی جیل سندھ کیخلاف تحقیقات شروع کردی
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سندھ کے ریٹائرڈ آئی جی جیل خانہ جات نصرت منگن بھی نیب کے ریڈار پر آگئے۔ تفصیلات کے مطابق سابق آئی جی جیل خانہ جات نصرت منگن کے خلاف نیب نے تحقیقات شروع کر دیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کراچی نے نصرت حسین منگن کے 7 ارب سے زائد اثاثوں کا سراغ لگا لیا ہے۔ نصرت منگن کے اثاثہ جات کی تصدیق کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں نیب حکام کی جانب سے ضلع ٹھٹھہ میں نصرت منگن کی اراضی کی تصدیق کیلئے ڈپٹی کمشنرسے بھی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔ نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ نصرت منگن اور ان کی فیملی کے ارکان کے نام ضلع ٹھٹھہ کے مختلف علاقوں میں 96 ایکڑ اراضی ہے۔ نصرت منگن کے سرکاری اور 4 نجی بنکوں کے اکائونٹس کی بھی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔ نصرت منگن نجی بنک میں پیر سرمد کے نام سے کھلنے والے اکائونٹ کو بھی آپریٹ کرتے رہے۔ اس اکائونٹ سے سابق آئی جی جیل کے اکائونٹ میں کروڑوں کی ٹرانزیکشنز کی گئیں۔ ذرائع کے مطابق نجی بنک میں چند دیگر اکائونٹس بھی مشتبہ ہیں۔ نصیب نے عائشہ خاتون اور میرا نامی خاتون کے اکائونٹس کی تصیلات بھی طلب کر لی ہیں۔ نصرت منگن کی ملکیت میں رانی پور میں سی این جی سٹیشن بھی ہے۔ واضح رہے کہ نصرت منگن رواں سال ریٹائرڈ ہوئے ہیں۔ تحقیقات کا سامنا کرنے والے پولیس افسر کی زیادہ پوسٹنگ سنٹرل جیل کراچی میں رہی۔ دوران سروس بھی نصرت منگن مختلف الزامات کا سامنا کرتے رہے ہیں۔