• news

حکومت کی تمام توجہ کام پر ‘ ڈھول نہیں بجا سکے: فردوس عاشق 

 لاہور (نیوز رپورٹر) محکمہ اطلاعات پنجاب کی جدید دور کے تقاضوں کے مطابق تنظیم نو کی جائے گی۔ محکمے کی کارکردگی کو ڈیجیٹلائزیشن اور تربیت کے ذریعے بہتر کیا جائے گا۔ محکمہ اطلاعات کا اپنا ایف ایم ریڈیو چینل لانچ کیا جائے گا اور یوٹیوب اکاؤنٹ بنایا جائے گا۔ جس پر بہترین پروڈکشن سے مواد کو شئیر کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ڈی جی پی آر ہیڈکوارٹر میں محکمے کے افسران کے اجلاس سے خطاب میں کیا۔ ڈی جی پی آر ڈاکٹر اسلم ڈوگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے  کہا کہ ڈیجیٹلائیزیشن کے ذریعے ہی دنیا سے تعلق قائم رکھا جا سکتا ہے۔ عوام کو آگاہی فراہم کرنے کیلئے میڈیا کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمے کے افسران اور نجی اداروں سے وابستہ صحافیوں کیلئے سپیشلائزڈ تربیتی کورسز تشکیل دیے جائیں گے۔ جنہیں وفاق کی طرز پر پنجاب میں انفارمیشن اکیڈمی میں پڑھایا جائے گا۔ معاون خصوصی نے پنجاب انفارمیشن اکیڈمی کے قیام کا اعلان کیا اور اس ضمن میں پی سی ون بنانے کے احکام جاری کیے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق  نے کہا کہ اب محکمے میں ہر ماہ پی آر او آف دی منتھ کا اعلان کیا جائے گا۔ جنہیں تعارفی سند کیساتھ اونریریم بھی ادا کیا جائے گا۔ اپوزیشن نے یہ تاثر قائم کرنے کی کوشش کی کہ انکے دور میں بہت کام ہوئے جبکہ وہ کام کی بجائے ڈھول زیادہ پیٹتے تھے۔ دوسری جانب ہماری حکومت کی تمام توجہ کام پر ہے لیکن ہم ڈھول نہیں بجا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی پی آر کے الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا سیلز کو ڈائریکٹوریٹ میں تبدیل کریں گے۔ صحافی برادری کی فلاح حکومت کی پالیسی کا اہم حصہ ہے اور ہمیں یقین ہے کہ عوام تک اپنا میسج پہنچانے کیلئے میڈیا بہترین ذریعہ ہے۔ ہم سب کیساتھ رابطے میں رہنے پر یقین رکھتے ہیں اور کسی سے تصادم نہیں چاہتے۔

ای پیپر-دی نیشن