احمد آباد کا6 سالہ طالب علم دنیا کا کم عمر ترین کمپیوٹر پروگرامر بن گیا
احمد آباد (نوائے وقت رپورٹ) بھارتی شہر احمد آباد سے تعلق رکھنے والے 6 سالہ طالبعلم نے پیتھون پروگرامنگ لینگویج امتحان پاس کرکے دنیا کے کم عمر ترین کمپیوٹر پروگرامر ہونے کا ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کلاس 2 کے طالبعلم ارحم نے مائیکرو سرٹیفکیشن کا امتحان بھوپال شہر کے پیئرسن وی یو ای ٹیسٹ سینٹر سے پاس کیا۔ ارحم تلسانیا کا غیر ملکی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں کہنا تھا کہ میرے والد نے مجھے کوڈنگ کی تعلیم دی، جب میں 2 سال کا تھا تب میں نے ٹیبلٹ استعمال کرنا شروع کیا اور 3 سال کی عمر میں میں نے IOS اور Windows کے ساتھ گیجٹ خریدے۔ بعد میں مجھے معلوم ہوا کہ میرے والد پیتھون میں کام کررہے تھے۔ دنیا کے کم عمر ترین کمپیوٹر پروگرامر ارحم تلسانیا بڑے ہوکر بزنس انٹرپرینیور بنناچاہتے ہیں تاکہ وہ ضرورت مندوں کی مدد کرسکیں۔