• news

کرونا کے دوران جیسے جیل میں رہا اﷲ جانتا ہے: حمزہ شہباز

لاہور(اپنے نامہ نگار سے) حمزہ شہباز نے  کہا ہے کہ جیل میں جیسے رہا ہوں میرا اللہ جانتا ہے۔ کرونا وائرس کے دوران اپنی مدد آپ کے تحت دوائی لیتا تھا۔  احتساب عدالت میں رمضان شوگر ملز ریفرنس کی سماعت میں انہوں نے استدعا کی کہ وہ کچھ کہنا چاہتے ہیں جس پر عدالت کی طرف سے انہیں بات کرنے کی اجازت مل گئی۔ مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ کرونا کا شکار ہونے پر بھی جیل میں جیسے میں رہا ہوں یہ صرف میرا اللہ ہی جانتا ہے۔ جب کہ ملک کا وزیراعظم منہ پر ہاتھ مار کر کہتا ہے کہ میں اب دیکھ لوں گا۔ اس کے جواب میں احتساب عدالت کے جج نے حمزہ شہباز کو ہدایت کی کہ یہاں سیاسی بات نہ کریں بلکہ اپنی صفائی میں اگر کچھ بھی کہنا ہے تو کہیں۔ حمزہ شہباز شریف نے مزید کہا کہ 17 ماہ سے عدالتوں میں پیش ہو رہا ہوں۔ اس دوران بلٹ پروف گاڑی میں لایا جاتا رہا۔ لیکن اچانک سے ایک دن بکتربند گاڑی لے کر آگئے۔ گزشتہ پیشی کے لیے انکار نہیں کیا تھا بلکہ بروقت جیل کے باہر نکل آیا تھا لیکن پولیس افسروں نے جان بوجھ کر میرے لیے بکتر بند گاڑی لے آئے۔ حالانکہ سب کو علم ہے کہ میری کمر میں شدید تکلیف ہے۔ میں وہاں گاڑی کے لیے ڈھائی گھنٹے تک انتظار کرتا رہا اس دوران پولیس والوں سے کہا کہ گاڑی تبدیل کرلیں اور مجھے عدالت لے جائیں۔

ای پیپر-دی نیشن