• news

افغانستان پولیس ہیڈ کوارٹر پر کار بم حملہ نجی یونیورسٹی کے باہر دھماکہ5 افراد ہلاک25 زخمی

کابل (آن لائن+شنہوا) افغانستان کے صوبے فریاب کے ضلع المار میں پولیس ہیڈکوارٹر پر کار بم حملے کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکار ہلاک جبکہ 12پولیس اہلکار اور 8 شہری زخمی ہوگئے جبکہ صوبہ میدان وردک میں نجی یونیورسٹی کے باہر دھماکے میں ایک شخص ہلاک  جبکہ 5دیگر زخمی ہو گئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان صوبے فریاب کے گورنر نے اس حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ واقعے میں زخمی ہونے والوں میں المار پولیس چیف بھی شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ طالبان نے پہلے المار پولیس ہیڈکوارٹر کے داخلی راستے پر رات کو کار بم دھماکہ کیا تھا۔گورنر فریاب نے کہا کہ بم دھماکے کے بعد 4 حملہ آوروں کا افغان فورسز کے ساتھ مقابلہ صبح تک جاری رہا۔انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ المار حملے میں 100 کے قریب دکانوں اور مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ قندھار کے پبلک ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سپاہی اور سویلین دونوں شامل ہیں۔ کسی بھی تنظیم نے تاحال دھماکہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ علاوہ ازیںمقامی عہدیداروں نے بتایا کہ گزشتہ شام صوبہ میدان وردک میں نجی یونیورسٹی کے قریب ہونے والے دھماکے میں کم از کم ایک شخص ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے۔وردک پولیس کے ترجمان داد اللہ فدائی نے بتایا کہ یہ بم صوبہ میدان وردک کے مرکز میدان شہر میں نجی یونیورسٹی کی بیرونی دیوارمیںنصب کیاگیا تھا۔میدان وردک میں صوبائی کونسل کے ایک رکن ، صحیف اللہ ہوتک نے بتایا کہ اس دھماکے میں حزب اسلامی کے ایک کمانڈر غیاث الدین سمیت تین افراد ہلاک ہوگئے۔حزب اسلامی نے اس واقعے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن