چودھری شجاعت کی عیادت کیلئے سراج الحق، جسٹس (ر) تصدق جیلانی و دیگر کی ہسپتال آمد
لاہور (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگار) مسلم لیگ (ق) کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین کی سروسز ہسپتال میں عیادت کیلئے سیاسی و جماعتی وابستگیوں سے قطع نظر اہم رہنمائوں اور سماجی و دینی شخصیات سمیت لوگوں کی بڑی تعداد میں آمد کا سلسلہ جاری ہے جہاں انہوں نے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی، مونس الٰہی، شافع حسین، سالک حسین اور حسین الٰہی سے ملاقات کی اور اپنے دیرینہ تعلقات، ان کی گرانقدر قومی و عوامی خدمات اور سیاسی بصیرت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ انہیں جلد صحت کاملہ عطا فرمائے۔ بدھ کو ان کی مزاج پرسی کیلئے آنے والوں میں امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق، سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس (ر) تصدق حسین جیلانی، صوبائی وزراء فردوس عاشق اعوان، سبطین خان، (ن) لیگ کے سابق وفاقی وزراء و ارکان قومی اسمبلی رانا تنویر حسین، خرم دستگیر خان، ارکان صوبائی اسمبلی عبد اللہ یوسف وڑائچ، پیر اشرف رسول، مرکزی رہنما مشائخ ونگ مفتی انتخاب احمد نوری، ڈاکٹر مفتی حسیب قادری، مولانا احمد قادری، لیاقت بھدر، سابق وفاقی وزیر امتیاز صفدر وڑائچ، پیپلزپارٹی کے رہنمائوں چودھری منظور احمد، ثمینہ خالد گھرکی اور سید حسن مرتضیٰ پر مشتمل وفد، امیر جماعت اہلحدیث حافظ عبدالغفار روپڑی، پروفیسر سید محمود غزنوی، شکیل الرحمن ناصر و دیگر شامل تھے۔