میرج ہالز بندش پر احتجاج، کام بند نہیں کرینگے، مالکان: حمایت کرتے ہیں، تاجر
لاہور‘ اسلام آباد‘گوجرانوالہ‘ وزیر آباد (کامرس رپورٹر+ نمائندہ نوائے وقت+ نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) میرج ہالز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ 20نومبر کو ہم میرج ہال بند نہیں کریں گے۔ اس امر کا اظہارگزشتہ روز شاہدرہ لاہور میرج ہالز ایسوسی ایشن کی بندش سے متعلق حکومتی فیصلے کیخلاف شاہدرہ ٹاؤن میں ہنگامی پریس کانفرنس میں کیا گیا ہے۔ صدر حاجی عثمان خان، چیئرمین عامر نعیم صدیقی، وائس چیئرمین شیخ شمشاد سمیت دیگر عہدیدار پریس کانفرنس میں شریک تھے۔ شرکاء کی جانب سے ہاتھوں کی زنجیر بنا کر حکومت کیخلاف نعرے بازی بھی کی گئی۔ اس موقع پر حاجی عثمان خان نے کہا کہ ہمارے بچوں اور ہمارے مزدوروں کو بھوکا نہ مارا جائے، شادی ہالز بند کیے گئے تو ہم بچوں سمیت سڑکوں پر احتجاج کریں گے۔ انہوں نے کہا جہاں حکومت اور اپوزیشن کے جلسے ہوئے ہیں وہاں کرونا نہیں ہوتا میرج ہال کھلیں تو حکومت کو کرونا یاد آجاتا ہے۔ اسلام آبادسے این این آئی کے مطابق شادی ہالز ایسوسی ایشن کی راولپنڈی میں مرکزی تاجر تنظیموں نے کہا ہے کہ شادی ہالز کی بندش کا حکومتی فیصلہ متفقہ طور پر مسترد کرتے ہیں، بندش سے پچاس سے زائد شعبوں کے تاجر متاثر ہوں گے، حکومت تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے۔ زبردستی ہوئی تو احتجاج کا آپشن موجود ہے۔ شادی ہالز ایسوسی ایشن کے صدر ملک ظہور نے راولپنڈی کی مرکزی تاجر تنظیموں کے رہنما شاہد غفور پراچہ، شرجیل میر، ملک ارشد اعوان، شیخ ندیم کے ہمراہ راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شادی ہالز کی بندش کا حکومتی فیصلہ متفقہ طور پر مسترد کرتے ہیں۔ گوجرانوالہ میں شادی ہالز مالکان پر درج ہونے والے مقدمات کی مذمت کرتے ہیں۔ صدر شاہد غفور پراچہ نے کہا کہ مرکزی انجمن تاجران پنجاب شادی ہالز ایسوسی ایشن کے مطالبات کی حمایت کرتی ہے۔ پاک فوج کو شادی ہالزکی پالیسی پر مداخلت کرنی چاہیے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق گزشتہ روز کرونا وائرس کی احتیاطی تدابیر کے پیش نظر میرج ہالزکی بندش پر چندا قلعہ بائی پاس پر احتجاج کرنے والے میرج ہالز مالکان کے خلاف تھانہ صدر گوجرانوالہ میں مقدمہ درج ایف آئی آر میں 43 افراد نامزد جبکہ 100 نامعلوم افراد شامل ہیں۔ بیس نومبرکو شادی ہالز بند کرنے کے حکومتی فیصلے کے خلاف میرج ہالز ایسوسی ایشن نے چندا قلعہ بائی پاس پر جی ٹی روڈ بلاک کرکے احتجاج کیا۔ جس کے باعث چار گھنٹے اسلام آباد سے لاہور جانے والی ٹریفک جام رہی۔ وزیرآباد سے نا مہ نگار کے مطابق بے روزگاری اور غربت سے تنگ میرج ہالز اور مارکیز کے سینکڑوں محنت کش اور مالکان سڑکوں پر آگئے، جی ٹی روڈ بلاک ہو گیا۔ حکومت کے غیر دانشمندانہ فیصلے کے خلاف ضلعی سطح پر احتجاج میں وزیرآباد سے بھی سینکڑوں محنت کشوں اور مالکان نے شرکت کی جس میں حکومتی جماعت کے عہدیداران اور کارکن بھی شامل تھے۔ ایسوسی ایشن کے ترجمان نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے عہدیداران اور کارکنوں کا اپنی ہی حکومت کے خلاف احتجاج اس بات کا غماز ہے کہ حکمرانوں کے عوام دشمن فیصلے اسے منطقی انجام کی طرف لے جا ر ہے ہیں۔ پولیس نے احتجاج میں شامل ہونے والے تحریک انصاف تحصیل وزیرآباد کے عہدیداران سمیت محمد افضل چیمہ، وقار اشرف کلیر اور دیگر چالیس نامزد اور ایک سو سے زائد دیگر افراد کے خلاف 506/431/147 /149./341اور 16ایم پی اوکے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق میرج ہالز ایسوسی ایشن کے احتجاج کرنے پر مقدمہ میں پولیس نے بے گناہ افراد کو بھی نامزد کر دیا۔ نجی میرج ہال کے مالک ہمایوں بابر لون کا کہنا ہے کہ وہ اس دن اپنی ذاتی مصروفیات کی وجہ سے مصروف تھے لیکن پولیس نے انہیں بھی مقدمہ میں نامزد کیا ہے۔