فراڈ کا الزام: سابق گورنر گلگت بلتستان کا بیٹا پرنس سلیم گرفتار
اسلام آباد (نامہ نگار، نوائے وقت رپورٹ) قومی احتساب بیورو (نیب) نے فراڈ کے الزام میں سابق گورنر گلگت بلتستان میرغضنفر کے بیٹے پرنس سلیم کو گرفتار کر لیا ہے۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ملزم کا 4 روزہ راہداری ریمانڈ دیدیا۔ نیب کی جانب سے پرنس سلیم کو نیشنل بنک سے 50ملین روپے فراڈ کے کیس میں گرفتار کیا گیا۔ پرنس سلیم کو احتساب عدالت سے راہداری ریمانڈ لے کر نیب راولپنڈی کے ریجنل بیورو گلگت منتقل کیا جائے گا۔ پرنس سلیم پر سلک روٹ نامی پرائیویٹ کمپنی کے وائس چیئرمین کی حیثیت میں کرپشن کا الزام ہے۔ پرنس سلیم نے جعلی دستاویز پر نیشنل بنک سوست برانچ سے 50 ملین کا قرض لیا۔ پرنس سلیم کو بارہا طلب کئے جانے کے باوجود وہ نیب کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔ دریں اثناء قومی خزانے سے غیر قانونی طور پر کروڑوں روپے حاصل کرنے کے الزام میں سابق وزیراعلی بلوچستان نواب محمد اسلم خان رئیسانی سابق سینیٹر حاجی لشکری رئیسانی، سابق سیکریٹری خزانہ دوستین جمالدینی سمیت آٹھ ملزموں کیخلاف ریفرنس دائر۔ ترجمان نیب کے مطابق قومی احتساب بیورو بلوچستان نے قومی خزانے کو غیر قانونی طور پر 817ملین روپے کا نقصان پہنچانے کے الزام میں سابق وزیراعلی بلوچستان محمد اسلم خان رئیسانی، سابق سینیٹر حاجی لشکری رئیسانی، سابق سیکریٹری خزانہ دوستین جمالدینی سمیت آٹھ ملزموں کیخلاف چئیرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی منظوری کے بعد ریفرنس احتساب عدالت کوئٹہ میں دائرکردیا ہے۔ احتساب عدالت کوئٹہ میں دائر ریفرنس میں سابق وزیراعلی بلوچستان نواب محمد اسلم خان رئیسانی پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے اپنے خاندان کیلئے غیر قانونی طور پر کروڑوں روپے کمپنسیش کی مد میں حاصل کرنے کا الزام ہے۔دریں اثناء نیب سکھر ریجنل بورڈ کا اجلاس ہوا۔ اعلامیہ کے مطابق خورشید شاہ کیخلاف ایک اور ضمنی ریفرنس تیار کر لیا گیا۔ منظوری کے بعد چیئرمین نیب کو بھیجا جائیگا۔