• news

بڑے اجتماعات پر پابندی، سینما، تھیٹرز اور مزارات مکمل بند، سکولوں میں سرما کی چھٹیاں پیشگی شروع کرنے کی تجویز

اسلام آباد، لاہور (خصوصی نمائندہ+نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار+ نوائے وقت نیوز+ کامرس رپورٹر) پاکستان میں کرونا وائرس کی دوسری لہر کو دیکھتے ہوئے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک بھر میں بڑے اجتماعات پر پابندی عائد کرنے اور سینما گھروں، تھیٹرز اور مزاروں کو مکمل طور پر بند کرنے کی تجویز پیش کر دی ہے۔ اجتماعات میں500 سے زیادہ افراد جمع نہیں ہو سکیں گے۔ وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں کرونا کی دوسری لہر کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کرونا ایس اوپیز پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں 16 بڑے شہروں میں بڑھتے کرونا کیسزکی شرح اور تعلیمی اداروں میں کرونا کیسز کا جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ این سی او سی نے بڑے اجتماعات پر پابندی کی تجویز ہے۔ تجویز آنے کے بعد سے کرونا کیسز کی تعداد تقریبا 3 گنا بڑھ چکی ہے۔ زندگیاں بچانے کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ کرونا کیسز میں اضافہ فوری اقدامات کا تقاضا کر رہا ہے۔ دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کرونا وائرس سے 26 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 7 ہزار 35 ہوگئی۔ تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 48 ہزار 184 ہوگئی۔ ایک ہزار 708 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ اب تک 3 لاکھ 20 ہزار 65 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 109 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کا تعلیمی اداروں سے متعلق اہم اجلاس 16 نومبر کو ہوگا۔ تعلیمی اداروں سے متعلق فیصلے کیلئے این سی اوسی کا خصوصی اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔16 نومبر کو وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود این سی او سی اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں صوبائی وزرائے تعلیم شرکت کریں گے۔ اجلاس میں ہونے والے فیصلوں سے صوبائی حکومتوں کو آگاہ کیا جائے گا تاکہ ان کا اطلاق کیا جاسکے۔ این سی او سی کی جانب سے تعلیمی اداروں میں کیسز کی وجہ سے طویل موسم سرما کی تعطیلات دینے کا فیصلہ بھی زیر غور ہے تاکہ طالبعلموں کی صحت کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔ وفاقی وزیر اسد عمر کے زیر صدارت این سی او سی کے اجلاس میں بتایا گیا کہ قومی رابطہ کمیٹی کو 12 اکتوبر اور 3 نومبر کو بڑے عوامی اجتماعات اور بیرونی سرگرمیوں پر پابندی عائد کرنے کے لیے تجاویز پیش کی تھیں۔ تاہم تمام سٹیک ہولڈرز کی جانب سے فیصلے پر اتفاق رائے ہونا باقی ہے، اس کے باوجود بیماری میں تین گنا اضافہ دیکھا گیا۔ این سی او سی نے شادی کی تقریبات کے حوالے سے تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ تمام رہنما اصول شیئر کر دیے ہیں جس کے تحت 20 نومبر سے صرف باہر شادیوں کے اجتماعات کی اجازت ہوگی جس میں صرف 500 افراد کی شرکت کی اجازت ہو گی۔ اسد عمر نے تمام سٹیک ہولڈرز سے اپیل کی کہ وہ انہی ایس او پیز پر عملدرآمد زیادہ موثر اور بہتر بنائیں تاکہ اس وائرس کی ممکنہ دوسری لہر سے بچا جا سکے۔ این سی او سی نے مندرجہ ذیل سفارشات اور تجاویز تمام سٹیک ہولڈرز کی آرا شامل کرنے کے بعد این سی سی کو بھیج دی ہیں جسے قومی قیادت ملک بھر میں نفاذ کیلئے منظوری دے گی۔ اس کے علاوہ ریستورانوں میں باہر بیٹھ کر کھانا کھانے کی اجازت ہوگی اور اس کے ساتھ ٹیک اوے کی سہولت شام 10 بجے تک جاری رکھنے کی اجازت ہوگی جبکہ فورم نے یہ تجویز بھی دی کہ سینما اور تھیٹرز اور مزارات کو فی الفور بند کر دیا جائے جبکہ مارکیٹس اور کاروباری مراکز کو جلدی بند کرنے اور مخصوص دنوں میں بند کرنے کی سفارش بھی پیش کی گئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں تعلیم کے شعبے میں وبائی مرض کے اعدادوشمار اور بیماریوں کے پھیلاؤ کا جائزہ بھی لیا گیا۔ فورم کو بریفنگ دی گئی کہ تعلیمی اداروں میں وبا کا تناسب بڑھ رہا ہے جبکہ اس صورتحال پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال سے گزشتہ روز سول سیکرٹریٹ میں تاجر تنظیموں کے نمائندوں نے ملاقات کی۔ جس میں مارکیٹوں میں کرونا ایس او پیز اور مارکیٹوں کے اوقات کار پر مشاورت ہوئی۔ تمام تاجر تنظیموں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ حکومت مارکیٹوں سے تجاوزات کا خاتمہ کرائے۔ تاجر تنظیموں کا کہنا تھا کہ حکومتی ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کریں گے تاہم کاروبار بند نہیں ہونے چاہیے۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم نے تاجر تنظیموں نے نمائندوں سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں پیشگی اقدامات کرکے کرونا کے پھیلاؤ کو روکنا ہے۔ تاجراور دکانوں پر عملہ ماسک پہنیں اور ماسک کے بغیر کسی صارف کو خدمات فراہم نہ کی جائیں۔ خدانخواستہ کرونا پھیلا تو حکومت سخت اقدامات اٹھانے پر مجبور ہوگی۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے بنائی گئی کمیٹیوں میں تاجر تنظیموں کے نمائندوں کو بھی شامل کیا جائے گا، انتظامیہ بھی ذمہ دار ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تمام مارکیٹوں میں تجاوزات کے بلا امتیاز خاتمے کیلئے انتظامیہ کو ہدایات کر دی گئی ہیں۔ میرج ہالز کھولنے کے حوالے سے پنجاب حکومت نے سفارشات تیار کر لی ہیں۔جس شادی ہال نے ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کیا تو اسے سیل کر دیا جائے گا۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے کہا کہ ہوٹل اور ریسٹورنٹس حکومت کے دئیے گئے اوقات کار پر عملدآمد کے پابند ہیں۔  فیصل آباد میں کرونا کے دو مزید مشتبہ مریض دم توڑ گئے۔ 6 ج ب کے رہائشی 70 سالہ احمد دین کو کرونا کے باعث الائیڈ ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا۔ علاوہ ازیں جھنگ روڈ کی رہائشی ارشاد بی بی زوجہ محمد اسحاق بھی کرونا کے مرض میں مبتلا ہو کر ہسپتال داخل تھی جہاں زندگی وموت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد دم توڑ گئی۔وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے سندھ میں کرونا کے 720 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 52 ہزار 72 ہوگئی۔صوبے میں وائرس سے مزید 14 افراد انتقال کر گئے جس کے بعد سندھ میں جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 2 ہزار 704 ہوگئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں کے دوران 81 سرکاری اور نجی اسکولز بند کیے گئے، 19 سرکاری سکول تاحال بند ہیں جبکہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 50 نجی سکولز کو 10 ہزار سے 40 ہزار روپے تک جرمانہ کیا گیا۔وفاقی وزیر اسد عمر نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا این سی او سی نے پھر تمام عوامی اجتماعات پر پابندی کی تجویز دی ہے۔ پھیلتے وائرس کے باعث زندگی ، روزگار بچانے کے فوری اقدام کرنے ہوں گے۔ اسد عمر کا کہنا تھا کہ این سی سی میں فیصلے پرعمل اتفاق رائے نہ ہونے کے باعث تاخیرکا شکار ہے، وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے بین الصوبائی وزراء تعلیم کانفرنس کا خصوصی اجلاس 16 نومبر کو طلب کر لیا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے انڈر سیکرٹری جنرل برائے سلامتی امور جین پیئرلاکروا پرتگال میں کوڈ 19 ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آیا ہے۔ ان کو پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں قرنطینہ کردیا گیا ہے۔گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق میڈیکل کالج کے 5طلبا سمیت ضلع بھر کے 12 تعلیمی اداروں میں 20 سے زائد طلبا و طالبات میں کرونا وائرس کی تصدیق جبکہ ڈویژن میں 244 افراد میں کرونا کی تشخیص ہوئی ہے۔ راہوالی کے ایک نجی سکول میں تین طلباء میں کرونا کی تصدیق ہوئی ہے۔ گجرات میں 3، منڈی بہائوالدین 3جبکہ سیالکوٹ میں بھی تین افراد میں کرونا کی تشخیص ہوئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن