• news

نیول چیف کا جنوب مشرقی سرحد کے اگلے مورچوں کا دورہ، افسروں جوانوں سے ملاقات

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )  چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کا کہنا ہے کہ سرحدوں کا دفاع پاک بحریہ کی اولین ذمہ داری ہے جس کے لیے وہ ہمہ وقت تیار ہے،ملکی بحری سرحدوں کے دفاع میں جذبے کے ساتھ ساتھ ہتھیاروں اور آلات کا بھرپور استعمال بھی اہمیت کا حامل ہے۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کرِیکس ایریا کا دورہ کیا۔ سجاول میں بریگیڈ ہیڈ کوارٹرز آمد پر کمانڈر کوسٹ وائس ایڈمرل زاہد الیاس نے چیف آف دی نیول اسٹاف کا استقبال کیا۔ نیول چیف نے جنوب مشرقی سرحد کے ساتھ موجود اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور وہاں تعینات افسروں اورجوانوں سے ملاقات کی امیر البحر کو کرِیکس ایریا میں درپیش خطرات اور پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پرتفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف نے مشکل موسمی حالات اور دشوارگزارعلاقے میں فرائض کی انجام دہی پرجوانوں کے حوصلے اورعزم کوسراہا۔امیرالبحرکا کہنا تھا کہ ملکی بحری سرحدوں کے دفاع میں جذبے کے ساتھ ساتھ ہتھیاروں اورآلات کا بھرپوراستعمال بھی اہمیت کا حامل ہے، سرحدوں کا دفاع پاک بحریہ کی اولین ذمہ داری ہے اورپاک بحریہ اس کے لئے ہمہ وقت تیارہے۔

ای پیپر-دی نیشن