پاکستان کرونا کاکامیابی سے مقابلہ کرنے کیلئے پرعزم ہے ،سیکرٹری خارجہ
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) سیکریٹری خارجہ سہیل محمود نے کہا ہے کہ پاکستان کورونا وبا کاکامیابی سے مقابلہ کرنے کے لئے پرعزم ہے اور صحت کے موجودہ نظام کو مضبوط وموثر بنانے کے لئے ہرممکنہ اقدامات کئے جارہے ہیں۔ وہ کورونا وبا سے نمٹنے کے لئے ویڈیو کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ نائب وزراء سطح کی کانفرنس کی صدارت چین کے نائب وزیر خارجہ جناب لیو ڑاوہوئی نے کی جبکہ بنگلہ دیش، نیپال، پاکستان اور سری لنکا اس میں شریک ہوئے۔سیکریٹری خارجہ سہیل محمود نے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل (عالمی ادارہ صحت) نے کورونا وبائ سے نمٹنے کے لئے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کیا ہے کہ پاکستان ان ممالک میں سے ایک ہے جن سے سیکھا جاسکتا ہے۔سیکریٹری خارجہ نے کہاکہ وائرس پر اب تک قابو پانے میں کامیابی کے بعد پاکستان صحت، معیشت اور غربت کے خاتمے کے لئے متعدد اضافی اقدامات کررہا ہے تاکہ وبا کی موثر روک تھام ممکن ہوسکے۔ انہوں نے کہاکہ کورونا وبا کے باوجود پاکستان کی معیشت کی بحالی کے واضح اشارے سامنے آئے ہیں اور متعدد کلیدی اقتصادی اعشارئیے مثبت رْخ دکھا رہے ہیں۔ سیکریٹری خارجہ نے امید ظاہر کی کہ کورونا وبائ کے بعد ’بی۔آر۔آئی‘ اور سی پیک خطے میں تجارت اور معاشی سرگرمیوں کا مرکز ومحور بن جائے گا۔ سیکریٹری خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور چین سخت احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہیں اور ان پر کاربند رہتے ہوئے تجارت، پروازوں کی بحالی اور عوامی رابطوں کو استوار رکھے ہوئے ہیں۔ چین کے لئے ہفتہ وار ’پی۔آئی۔اے‘ پرواز کی بحالی کا خیرمقدم کرتے ہوئے سیکریٹری خارجہ نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی طالب علم جلد ہی چین واپس جانا شروع ہوجائیں گے۔ سیکریٹری خارجہ نے اعادہ کیا کہ کورونا ویکسین جیسے ہی تیار ہوجائے، اس کی ’’عالمی افادہ عام‘‘ کے لئے فراہمی کا اعلان کیاجائے اور اسے یکساں بنیادوں پر دستیاب ہونا چاہئے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان میں کورونا علاج کی ویکسین کی آزمائش کے تیسرے مرحلے کا سلسلہ پاکستان اور چین کے اشتراک عمل سے جاری ہے اور اس ضمن میںاب تک بہت اچھی پیش رفت ہوئی ہے۔ انہوں نے پاکستان کے اس عزم کو بھی دوہرایا کہ صحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لئے پاکستان ’’صحت کی شاہراہ ریشم‘‘ کے خیال کا پرزور حامی ہے۔سیکریٹری خارجہ نے زور دیا کہ کورونا وبا کے خلاف جنگ میں کامیابی کے لئے عالمی اتحاد اور تعاون ناگزیر ہے۔ کورونا وبا کو نہ تو سیاسی رنگ دینا چاہئے اور نہ ہی کسی کو بدنام کرنے کے لئے استعمال ہونا چاہئے۔ کثیرالقومیت کی اہمیت بیان کرتے ہوئے سیکریٹری خارجہ نے زور دیا کہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو۔ایچ۔او)کو کورونا وبائ کے خلاف جنگ میں قائدانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ کورونا وبا کے باعث غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں عوام کے مصائب میں مزید اضافے کو بیان کرتے ہوئے سیکریٹری خارجہ نے زوردیا کہ عالمی برادری مقبوضہ وادی میں دوہرا لاک ڈاون ختم کرانے کے لئے بھارت پر دباو ڈالے اور عالمی ماہرین صحت کو محصور کشمیریوں کو طبی امداد فراہم کرنے کی اجازت دے۔