اختیارات کہاں ہیں؟ 800 دنوں میں کسی کو پتہ نہیں چل سکا: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ اختیارات کہاں ہیں، آٹھ سو دنوں میں کسی کو پتا نہیں چل سکا۔ وزیر اعظم آٹھ سو دنوں سے ایک ہی تقریر کر رہے ہیں کہ ’’نہیں چھوڑوں گا‘‘۔ اس وقت ملک میں غیر یقینی کی صورتحال ہے۔ قومی اسمبلی اور سینٹ میں بیٹھے لوگ اربوں کھربوں پتی ہیں۔ انہیں غریبوں کے مسائل کا پتہ ہے نہ ان سے کوئی سروکار۔ 90 فیصد غریب عوام کی نمائندگی ارب پتی کیسے کرسکتا ہے۔ پوری قوم ایسی دلدل میں پھنس گئی، مہنگائی اور بیروزگاری نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ غریب کی قوت خرید ختم ہوگئی ہے۔ شرم کی بات ہے کہ پاکستان زرعی ملک ہے اور گندم، چینی اور ٹماٹر باہر سے منگوائے جا رہے ہیں۔ حکومت نے گندم سستے داموں برآمد اور مہنگے داموں درآمد کی۔ کسان حیران ہیںکہ ملک میں پیدا ہونے والی لاکھوں میٹرک ٹن گندم کہاں گئی۔ چوہدری شجاعت کی بیمار پرسی کے لئے آئے ہیں۔ چوہدری پرویز الٰہی نے بتایا ہے کہ ان کی طبیعت اب پہلے سے بہت بہتر ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں جلد مکمل صحت یاب کرے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے سروسز ہسپتال میں چوہدری شجاعت کی عیادت کے بعد چوہدری پرویز الٰہی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔