• news

جماعۃ الدعوۃ کے 3 رہنماؤں کو سزا‘ 5 پر فرد جرم عائد 

 لاہور(اپنے نامہ نگارسے) انسداد دہشت گردی عدالت نے جماعۃ الدعوۃ کے تین رہنماؤں کو دو مزید مقدمات میں سزائیں سنا دیں۔ جبکہ پانچ رہنماؤں پر چھ مقدمات میں فرد جرم بھی عائد کر دی گئی ہے۔ اے ٹی سی کورٹ نمبر 3 کے جج اعجاز احمد بٹر کی عدالت میں مقدمہ کی سماعت ہوئی جس میں پروفیسر ظفر اقبال اور یحییٰ مجاہد کو مجموعی طور پر 16، 16 سال جبکہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ اسی طرح یحییٰ مجاہد کو ایک اور مقدمہ  میں بھی 16سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ بدھ کے دن اے ٹی سی کورٹ نمبر 3 میں ہی جماعۃ الدعوۃ کے پانچ رہنماؤں پر مزید چھ مقدمات میں فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔ حافظ عبدالسلام بن محمد، پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، پروفیسر ظفر اقبال، یحییٰ مجاہد اور لقمان شاہ کو اے ٹی سی کورٹ نمبر 3 کے جج اعجاز احمد بٹر کی عدالت میں پیش کیا گیا،  رہنماؤں پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے آئندہ تاریخ سماعت 16 نومبر مقرر کی گئی ہے۔ انسداد دہشت گردی عدالت نمبر 3 میں جماعۃ الدعوۃ کے رہنما محمد اشرف کے خلاف درج مقدمہ کی بھی سماعت ہوئی جس میں گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے جا رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن