ہماری تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی‘ سول سپرمیسی قائم کرنا ترجیح ہے: یوسف گیلانی
رحیم یار خان (بیورو رپورٹ) سابق وزیراعظم و پی پی پی کے رہنما سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ملک میں سول سپرمیسی قائم کرنا پی پی پی کی اولین ترجیح ہے اور پی پی پی کی تاریخ سول سپرمیسی کے لئے قربانیوں سے بھری پڑی ہے۔گزشتہ روز ڈھلوں ہاؤس میں پی پی پی ورکرز کنونشن اور صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی پی پی نے پاکستان میں انسانی و معاشی حقوق کے ساتھ ساتھ آئین کی بحالی اور میڈیا کی آزادی کے لئے گراں قدر خدمات سر انجام دی ہیں جبکہ مہنگائی اور لاقا نونیت کا خاتمہ بھی پی پی پی کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ 30نومبر کو پی پی پی کی میزبانی میں ملتان میں ہونے والا پی ڈی ایم کا جلسہ جنوبی پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہو گا۔ جس سے مولانا فضل الرحمن ، بلاول بھٹو زرداری، مریم نواز شریف اور پی ڈی ایم کے دیگر قائدین کے علاوہ سابق صدر آصف زرداری و سابق وزیراعظم نواز شریف بھی وڈیو لنک کے ذریعے جلسے سے خطاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے اب تک ہونے والے تینوں جلسوں میں عوام کی غیر معمولی شرکت دراصل عمران خان حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہے۔