• news

سلیکٹڈ کی نیندیں حرام ، پہلے گلگت بلتستان پھر وفاق میں حکومت بنائیں گے: بلاول

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وہ زمانہ گزر گیا جب کہا جاتا تھا کہ جس پارٹی کی وفاق میں حکومت ہوگی وہ گلگت بلتستان میں حکومت بنائے گی۔ اب پیپلزپارٹی نے پیمانہ بدل ڈالا ہے۔ اب جو پارٹی گلگت بلتستان میں حکومت بنائے گی وہ ہی پارٹی وفاق میں حکومت بنائے گی۔ بدھ کے روز ضلع گلگت کے علاقہ بارگو میں عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کوئی سوچے بھی نہ کہ یہاں دھاندلی اور انتخابات چوری کر سکے گا۔ میں یہاں موجود ہوں آپ کے ووٹ کا تحفظ کروں گا پیپلز پارٹی کی ریلی جو یہاں سے شروع ہوئی قریبی پہاڑوں پر موجود خواتین کی بڑی تعداد پیپلزپارٹی کا پرچم لہرا کر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ اظہار یکجہتی کر رہی تھی۔ جیالے وزیراعظم بلاول کے پرجوش نعرے لگا رہے تھے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے جیالوں کا خون گرماتے ہوئے کہا کہ انہیں جیالوں پر فخر ہے وہ اپنی محنت اور جذبہ 15 نومبر کی شام تک برقرار رکھیں۔ بزرگوں کو خواتین کو پولنگ سٹیشنوں پر پہنچائیں۔ جیت پیپلزپارٹی کی ہوگی اور پھر شام کو ہم مل کر فتح کا جشن منائیں گے۔ اس موقع پر ریلی سے پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صدر امجد حسین ایڈووکیٹ نے خطاب کیا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے عوام کو 13 نومبر کے گلگت کے جلسے میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اس جلسے میں آپ سے ملاقات کرونگا اور پھر 15 نومبر کو مل کر جیت کا جشن منائیں گے۔ کسی میں جرأت نہیں ہے کہ آپ کے ووٹ چوری کر سکے۔ انہوں نے کہا کے اب زمانہ بدل چکا اب عوام کہہ رہے ہیں کہ گلگت بلتستان میں جو پارٹی حکومت بنائے گی وہ ہی پارٹی وفاق میں حکومت بنائے گی۔ سب کو نظر آرہا ہے گلگت بلتستان میں پیپلزپارٹی حکومت بنا رہی ہے۔ پیپلزپارٹی پہلے گلگت بلتستان میں حکومت بنائے گی اور پھر وفاق میں۔ "ان شاء اللہ، انشاء اللہ!۔ ریلی میں سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر، جمیل احمد سومرو، پیپلزپارٹی کی امیدوار امجد حسین ایڈووکیٹ، جمیل احمد اور سعدیہ دانش بھی موجود تھے۔ گلگت بلتستان میں پیپلزپارٹی سے عوام کی وابستگی اور محبت دیکھ کر سلیکٹڈ کٹھ پتلی کی نیندیں حرام ہو گئی ہیں۔ سنا ہے کہ ایک گندا وزیر پیسہ بانٹتے ہوئے پکڑا گیا ہے۔ ان کے پاس حرام کا پیسہ ہے۔ ان سے پیسہ ضرور لیں پر ووٹ پیپلزپارٹی کو دیں۔ نومل میں ایک بہت بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے اپنے تقریر کی شروعات شہید محسن نقوی کے مقبول ترین شعر یااللہ یارسول سے کی تو جلسہ گاہ اور سڑک پر موجود لوگوں نے پرجوش بینظیر بے قصور کے دوسرے مصرع میں جواب دیا اور فضا یااللہ یارسول بینظیر بے قصور کے نعروں سے گونجتی رہی۔ اپنی تقریر میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نومل کے جیالوں نے کوڑے کھائے مگر آمر ضیاء کے سامنے سر نہیں جھکایا۔ گلگت بلتستان کے انتخابات میں ایک تحریک شروع ہوچکی ہے یہ تحریک گلگت بلتستان کے عوام کی حق حکمرانی حق ملکیت اور حق روزگار کے لئے ہے، یہ میرا وعدہ ہے کہ گلگت بلتستان کو ترقی یافتہ صوبہ بنائوں گا۔ یہ اس وقت ممکن ہے جب آپ میرا ساتھ دیں گے اور میرے ساتھ مل کر لڑیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن