گلگت بلتستان الیکشن جیت کر فنڈز کا حساب لینگے، بلاول نے شکست تسلم کرلی: وزرا
سکردو، اسلام آباد (این این آئی+ نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے اپوزیشن جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کا خزانہ لوٹنے والے سب سے زیادہ سندھ میں رہتے ہیں۔ انتخابات جیت کر پچھلے 2 سال میں جی بی کو دیے گئے فنڈز کا بھی حساب لیں گے۔ بلاول کے تقریر نویس سے کہنا چاہتا ہوں کہ ان پر ظلم نہ کرو۔ سکردو میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مراد سعید نے کہا کہ سی پیک کا آغاز گلگت بلتستان سے ہوا لیکن معاشی اور صنعتی زون نہیں ملا تھا مگر عمران خان نے دے دیا اور اس کے لیے زمین کا تعین بھی ہوگیا ہے۔ صنعتیں لگیں گی، جس سے کاروبار چلے گا اور نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔ گلگت بلتستان کے لیے عمران خان صحت انصاف کارڈ کی منظوری دے دی ہے۔ صرف سرکاری نہیں ملک کے بڑے پرائیویٹ ہسپتال میں بھی ہر شہری کا مفت علاج ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ذلفی بخاری کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان الیکشن میں پی ٹی آئی زمینی حقائق کے مطابق کلین سویپ کر رہی ہے۔ بلاول بھٹو اسی لئے ابھی سے دھاندلی کا رونا رو رہے ہیں۔ جس کا مطلب ہے کہ بلاول نے اپنی ہار تسلیم کر لی ہے۔ آپ خود ہی دیکھ لیں کہ لاڑکانہ کا انہوں نے کیا حال کیا ہے۔ زلفی بخاری نے کہا ہے کہ ہم یہاں 10 سیاحتی زون بنائیں گے۔ 11 ہوٹلز تعمیر کریں گے اور انٹرنیٹ کیلئے موبائل ٹاورز لگائیں گے۔ سیاحت کیلئے10 جگہوںکی فیزیبلٹی بن رہی ہے۔ دیامر، غذر، ہنزہ، گلگت میں سیاحت زون بنائیں گے اور وہاں تمام سہولتیں فراہم ہونگی۔ امور کشمیر و شمالی علاقہ جات کے وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور نے سکردو میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے بہادر اور غیور عوام کسی جھانسے میں نہ آئیں، سابقہ ادوار میں گلگت بلتستان کے عوام کو بنیادی حقوق سے محروم رکھا گیا۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ہم جو کہتے ہیں وہ کر کے دکھاتے ہیں۔گزشتہ 72 سال سے یہ علاقہ بنیادی سہولیات ے محروم ہے، مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی نے بھی یہاں حکومتیں کیں لیکن انہوں نے گلگت بلتستان کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم رکھا۔