گستاخانہ خاکوں پر احتجاج جاری، داتا دربار ،چوک ہائیکورٹ کے باہر مظاہرے
لاہور، بصیرپور، ساہیوال (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگاران) ورلڈ پاسبان ختم نبوت کے زیر اہتمام علمائ، وکلاء نے گستاخانہ خاکوںکیخلاف ہائیکورٹ کے باہرقائد ورلڈ پاسبان علامہ محمد ممتاز اعوان کی قیادت میںبھرپور مظاہرہ کیا اور زبردست نعرہ بازی کی۔ مظاہرین نے ایک بڑا بینر بھی اٹھا رکھا تھا جس پرگستاخ خاکے عالمی دہشتگردی درج تھا۔ اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے علماء وکلاء رہنمائوں علامہ محمد ممتاز اعوان، میاںاشرف عاصمی، مبلغ ختم نبوت مولانا عبدالنعیم، چوہدری عبدالرئوف، مولانا محمد حنیف حقانی، ڈاکٹر شاہد نصیر، محمد ریاض چوہدری، طاہر شکیل ایڈووکیٹ، محمد شکیل بھٹی، حافظ افتخار احمد فخر، پیر ایس اے جعفری اور شان علی قادری نے کہا کہ ناپاک کرداروںکا تدارک نہ کیا گیا تو دنیا کا امن محض ایک خواب بن کر رہ جائے گا۔ بصیر پور سے نامہ نگارکے مطابق فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف تحریک لبیک یارسول اللہؐ اور مقامی علمائے کرام کے زیر اہتمام روہیلہ روڈ سے ’’تحفظ ناموس رسالتؐ‘‘ ریلی نکالی گئی جس میں سیاسی وسماجی رہنمائوںدکانداروں اور شہریوںنے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر فرانس کے صدرکے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی گئی۔ ساہیوال سے نامہ نگار کے مطابق الخد مت نور و برکت پبلک سکول کے طلباء و طالبات نے فرانس میں نبی کریم ؐ کے گستاخانہ خاکوں کے خلاف پر نسپل عابدہ شاہد کی قیادت میں احتجاجی ریلی نکالی۔ پرنسپل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے۔ علاوہ ازیں تخفظ ناموس رسالت احتجاج داتا دربار چوک لاہور میں پیر اعجاز اشرفی مرکزی سینئر رہنما و رکن شوریٰ تحریک لبیک یارسول اللہ کی قیادت میں کیا گیا۔ پیر اعجاز اشرفی نے کہا فرانس کی مصنوعات کا بائیکاٹ جاری رکھا جائے گا۔ پیر اعجاز اشرفی نے کہا ہم داتا علی ہجویری کی چوکھٹ پر عہد کرتے ہیں۔ فرانس کے سفارتخانہ بند ہونے تک لاہور کے چوک شاہراہوں پر ہر روز غلامان رسول ناموس رسالت کیلئے1گھنٹہ کھڑے ہو کر احتجاج جاری رکھیں گے اور آج نومبر کو گڑھی شاہو چوک سوا چار بجے شام تحفظ ناموس رسالت احتجاج کیا جائیگا۔