• news

شریف فیملی، جہانگیر ترین کی شوگر ملز کیخلاف جے آئی ٹی کالعدم، ایف آئی اے کو انکوائری کا اختیار: ہائیکورٹ

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائی کورٹ نے جہانگیر ترین اور شریف فیملی کی شوگر ملز کیخلاف  قائم جے آئی ٹی اور ملز کو بھجوا گئے نوٹسز کالعدم قرار دے دیئے ہیں۔ جسٹس شاہد کریم اور جسٹس ساجد محمود سیٹھی پر مشتمل دو رکنی نے جہانگیر ترین اور شریف فیملی کی شوگر ملز کی درخواستوں پر فیصلہ سنایا۔ درخواستوں میں شوگر کمشن رپورٹ کی روشنی میں ایف آئی اے کی تحقیقات کو چیلنج کیا گیا تھا۔ دو رکنی بنچ نے  دونوں ملوں کو ایس ای سی پی کی جانب سے جاری  نوٹس بھی کالعدم قرار دے دیئے۔ دو رکنی بنچ نے قرار دیا کہ ایس ای سی پی اپنا کردار قانون کے مطابق ادا  کرنے میں ناکام رہا۔ ایف آئی اے کو انکوائری کا اختیار حاصل ہے  لیکن دیکھنا یہ ہے کہ انکوائری کن  قوانین کے تحت  کی جا سکتی ہے۔ ایف آئی اے کے اختیار کے حوالے سے تفصیلی فیصلے میں وضاحت کی جائے گی۔ درخواستوں میں نکتہ اٹھایا گیا کہ ایف آئی اے کو ایسے معاملات میں انکوائری کا اختیار حاصل نہیں۔ درخواست گزاروں کے وکلاء نے استدعا کی کہ ایف آئی اے انکوائری، جے آئی ٹی اور ایس ای سی پی کے نوٹس کالعدم قرار دیئے جائیں۔

ای پیپر-دی نیشن