شاہ محمودکا او آئی سی سیکرٹری کو فون: کشمیرمیں حقوق کی پامالی، اسلامو فوبیا پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے (او آئی سی) سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین کے ساتھ ٹیلیفون پر رابطہ کیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق دوران گفتگو، اسلاموفوبیا، بھارت کی جانب سے غیرقانونی قبضے والے جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، او آئی سی کے بانی رکن ہونے کے ناطے، مسلم امہ کو درپیش مسائل کے حل کیلئے، او آئی سی کو ایک اہم پلیٹ فارم گردانتا ہے۔ بعض ممالک میں اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان پر گہری تشویش ہے۔ بھارت اپنے نفرت آمیز، جارحانہ اقدامات کے باعث کشمیر سمیت پورے خطے کیلئے خطرے کی علامت بن چکا ہے۔ بھارتی حکومت، نئے ڈومیسائل قوانین کے اطلاق سے، کشمیر میں آبادیاتی تناسب کو بدلنے کی مذموم کوشش کر رہی ہے۔ او آئی سی کی طرف سے جاری بھارتی مظالم کے خلاف سامنے آنے والے مذمتی بیانات قابل ستائش ہیں۔