ملکی دولت لوٹ کر لندن بیٹھے نوازشریف کسی کے خیرخواہ نہیں، کامل علی آغا
لاہور (خصوصی نامہ نگار) مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما سینیٹر کامل علی آغا نے گلگت بلتستان میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ غریب عوام کے جذبات سے کھیل کر اور ملک کی دولت لوٹ کر لندن میں بیٹھے نوازشریف کسی کے خیرخواہ نہیں، مسلم لیگ ق عوامی جماعت ہے ہم نے ہمیشہ عوام کے مفادات کو مقدم رکھا ہے۔ ہمارے نمائندے کیپٹن (ر) شفیع آپ کی آواز اعلیٰ ایوانوں تک پہنچائیں گے، ہماری قیادت نے ہمیشہ ریاست اور اس کے اداروں کا ساتھ دیا ہے۔ ریاست سب سے پہلے ہمیں مقدم ہے۔ آپ اپنے قیمتی ووٹ کو ضائع کرنے کی بجائے ریاست کے نمائندے کیپٹن (ر) شفیع کو ووٹ دیں۔ انشاء اللہ کامیابی ضرور ملے گی۔ انہوں نے کہا گلگت بلتستان کے مسائل کسی سے ڈھکے چھپے نہیں، آج ووٹ کی عزت کا نعرہ لگانے والے ایک بار پھر آپ کا ووٹ چوری کرنے آئے ہیں۔