گلگت بلتستان کو حقوق سے محروم رکھا، عوام پی پی، مسلم لیگ ن کے دھوکے میں نہیں آئیں گے: علی امین، زلفی بخاری
لاہور/ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ اے پی پی) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ نے گلگت بلتستان کے عوام کو دھوکہ دیا۔ اب یہاں کے عوام ان کے دھوکے میں نہیں آئیں گے۔ گلگت بلتستان کے عوام کو علاج کی بہترین سہولیات مہیا کریں گے۔ خیبر پختونخوا کی طرز پر یہاں کے عوام کو بھی صحت انصاف کارڈز دیئے جائیں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کا اعلان کیا ہے۔ سابقہ ادوار میں یہاں کے عوام کو آئینی حقوق سے محروم رکھا گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے روندو میں عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ آصف علی زرداری عوام کے ووٹوں سے اقتدار میں آنے کے بعد آج کھرب پتی ہیں۔ پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے عوام کو دھوکہ دیا، جھوٹے وعدے کئے۔ جو لوگ اپنے علاقے میں کام نہیں کروا سکے وہ آپ لوگوں سے کئے گئے وعدے کیسے پورے کریں گے۔ عمران خان کی حکومت نے مستحقین کے لئے مفت صحت کارڈز دیئے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے لئے بھی ہیلتھ کارڈز منظور ہو چکا ہے جو یہاں کے لوگوں کو جلد مل جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اقوام متحدہ میں کھڑے ہو کر کہا کہ ہم ایٹمی طاقت ہیں۔ کشمیر کے مسئلہ کو حل کیا جائے۔ بھارت ہمارے نوجوانوں کو شہید کر رہا ہے۔ انہوں نے باور کرایا کہ اگر خطے میں جنگ ہوئی تو صرف خطے کا نقصان نہیں ہوگا بلکہ پوری دنیا کا نقصان ہوگا۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ انشاء اللہ مسئلہ کشمیر عمران خان ہی حل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ حضور اکرم کے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر وزیراعظم عمران خان نے بھرپور طریقے سے آواز بلند کی۔ گستاخی ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری نیت صاف ہے اور ہم علاقے کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی پوری آبادی کے لئے احساس کارڈ منظور ہو چکا ہے۔ تمام خاندانوں کو احساس کارڈملے گا۔ دریں اثناء جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما زلفی بخاری نے کامیاب ہونے کے بعد کھیل کے میدان دیںگے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو بیرون ملک بھیجنے کے مواقع فراہم نہیں کئے گئے۔ تین ماہ کے اندر یہاں اوورسیز کا دفتر کھولا جائیگا۔ سیاحت کے مواقع بڑھائیں گے۔ ماضی کی حکومتوں نے گلگت بلتستان کیلئے کچھ نہیں کیا۔ سندھ میں سب سے زیادہ غربت ہے۔ بلاول آپ کیلئے کیا کریں گے۔ ان کا تو سندھ کے اپنے حلقے میں براحال ہے۔ نوجوانوں کو فنی تربیت دی جائے گی۔ نواز شریف آج کل اوورسیز پاکستانی ہیں۔ بھارت نے نواز شریف پر سرمایہ کاری کی۔