• news

صدر مملکت کی ایچ ای سی کو مارچ 2021 تک ڈرگ پالیسی مرتب کرنیکی ہدایت

اسلام آباد ( سپیشل رپورٹ ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو مارچ 2021 تک ملکی جامعات میں منشیات کی روک تھام کیلئے ڈرگ پالیسی مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے۔ صدر گذشتہ روز ایوان صدر میں کمیٹی برائے انسداد منشیات اور بہبود خصوصی برائے طلباء کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ صدر نے کہا کہ طلباء کو منشیات کی لعنت سے بچا کر انھیں صحت مند تعلیمی ماحول فراہم کیا جائے۔ مختلف جامعات کے وائس چانسلرز نے منشیات کے استعمال پر قابو پانے کیلئے ویڈیو لنک کے ذریعے تجاویز دیں۔ صدر نے وائس چانسلرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوشل ورکرز میڈیا اور سول سوسائٹی کی مدد سے نوجوانوں میں منشیات کے خلاف شعور پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ صدر نے کہا کہ وزارت تعلیم ،انسداد منشیات اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے درمیان قریبی تعاون کی ضرورت ہے۔خصوصی طلباء کو ٹیوشن فیس میں رعائت ان کی تعلیمی اداروں میں نقل و حمل کیلئے خصوصی سہولت اور عمر کی حد میں نرمی کی جائے۔ 

ای پیپر-دی نیشن