امدادی غذائی سامان کی فراہمی:ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ : سعودی سفیر
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا ہے کہ قیام پاکستان سے ہی ہمارے قریبی تعلقات ہیں۔ ہر مشکل گھڑی میں سعودی عرب پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔اسلام آباد میں سعودی ریلیف سینٹر کی جانب سے سندھ کے سیلاب متاثرین کے لئے غذائی امدادی سامان کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ پاکستان سعودی حکومت اور سعودی عوام کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ شاہ سلمان انسانی امدادی مرکز کی جانب سے سندھ کے 50 ہزار سیلاب متاثرین کے لیے غذائی امداد دی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، امہ کی سلامتی اور استحکام کیلئے دعاگو ہیں۔ این ڈی ایم اے کے رکن محمد ادریس کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت نے ہر قدرتی آفت کے دوران ساتھ دیا جس سے مستحق اور نادار افراد کو مدد ملی۔ شاہ سلمان انسانی امدادی مرکز کی جانب سے امدادی سامان این ڈی ایم اے کے سپرد کر دیا گیا ہے۔ شاہ سلمان کے فلاحی امدادی ادارے کی طرف سے 7000 فوڈ پیکیج کی تقسیم شروع کی جارہی ہے جس سے پاکستان میں تقریباً 50 ہزار مستحق افراد مستفید ہوں گے۔ اس فوڈ پیکیج میں تمام ضروری اشیاء خوردونوش شامل ہیں۔ ایک فوڈ پیک 41 کلوگرام پر مشتمل ہے جس میں 20 کلو فائن آٹا، 5کلو چاول، 5لیٹر کوکنگ آئل، 5کلو دال چنا، 5کلو چینی اور 1کلو چائے شامل ہیں۔ جس کی مالی لاگت 3 لاکھ ڈالر (تقریباً 5 کرورڑ روپے) بنتی ہے جوکہ این ڈی ایم اے اور حیات فاونڈیشن کے تعاون سے صوبہ سندھ کے 7 اضلاع ( بدین، عمر کوٹ، میر پور خاص، سجاول، سانگھڑ ، دادو، تھرپارکر) میں شفاف طریقے سے تقسیم کیا جائے گا۔