چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس وقار سیٹھ کرونا سے جاں بحق
اسلام آباد + پشاور (خصوصی نمائندہ+نمائندہ نوائے وقت+ نمائندہ خصوصی+سٹٓف رپورٹر+اپنے سٹاف رپورٹرسے + شنہوا) ملک میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 50 ہزار 971 ہے، 3 لاکھ 20 ہزار 849 صحتیاب ہوئے ہیں جو 91 فیصد سے زائد ہے جبکہ اموات کی تعداد 7ہزار 69 تک پہنچ گئی ہے۔ 24 گھنٹوں میں چیئرمین این ڈی ایم اے، پرویز اشرف، صمصام بخاری سمیت 2067 کیسز اور چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ وقار سیٹھ سمیت35 مریض جاں بحق ہو گئے ، 784 مریض صحتیاب بھی ہوئے، فعال کیسز کی تعداد 23 ہزار 56 تک پہنچ گئی۔ برطانوی ہائی کمشنر نے پاکستان میں پہلی روپوٹ ٹیسٹ لیبارٹری کا افتتاح کر دیا ، وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے بیان میں کہا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران سندھ میں 979 نئے کیسز اور 14 اموات رپورٹ ہوئیں۔ متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 53 ہزار 51 اور اموات 2 ہزار 718 ہوگئی ہیں۔ صوبہ پنجاب میں 390 نئے کیسز سامنے آئے، تعداد ایک لاکھ 8 ہزار 221 ہوگئی۔ 9 مریض انتقال کر گئے، تعداد 2 ہزار 438 ہوگئی۔ خیبرپی کے میں مزید 189 افراد متاثر، تعداد 41 ہزار 258 ہوگئی۔ 8 مریضوں کے انتقال کرنے سے اموات 1302 ہوگئیں۔ بلوچستان میں 24 گھنٹوں میں 31 کیسز سامنے آئے اور یوں مجموعی کیسز 16 ہزار 226 ہوگئے۔ اسلام آباد میں 333 کیسز کی تصدیق، تعداد 22 ہزار 765 ہوگئی۔ مزید ایک مریض جاں بحق ہوا، اموات 248 ہوگئیں۔ آزاد کشمیر میں کرونا کے 130 نئے کیسز، تعداد 5 ہزار 41 ہوگئی۔ مزید 2 مریض انتقال کر گئے، تعداد 116 ہو گئی۔ گلگت بلتستان میں وبا کے15 نئے کیسز رپورٹ ۔ 784 افراد شفایاب ہوئے، مجموعی طور پر یہ تعداد 3 لاکھ 20 ہزار 849 ہوگئی۔چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ وقار احمد سیٹھ انتقال کرگئے۔ ترجمان پشاور ہائیکورٹ کے مطابق چیف جسٹس وقاراحمد سیٹھ کرونا کے مرض میں مبتلا تھے۔ چیف جسٹس کلثوم انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد میں زیرعلاج تھے جہاں ان کا انتقال ہوگیا۔چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ وقار احمد سیٹھ انتقال کرگئے۔ ترجمان پشاور ہائیکورٹ کے مطابق چیف جسٹس وقار احمد سیٹھ کرونا کے مرض میں مبتلا تھے۔ چیف جسٹس کلثوم انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد میں زیرعلاج تھے جہاں ان کا انتقال ہوگیا۔ چیف جسٹس وقار احمد سیٹھ کی نماز جنازہ آج دوپہر ڈھائی بجے ادا کی جائے گی۔ پرنسل سیکرٹری کے مطابق وقار احمد سیٹھ کی نماز جنازہ کرنل شیر خان سٹیڈیم پشاور میں ادا کی جائے گی۔ وزیراعظم عمران ‘ مریم نواز اور چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد نے چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ وقار احمد سیٹھ کی وفات پر اظہار افسوس کیا ہے۔ انہوں نے جسٹس وقار احمد سیٹھ کی وفات پر اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند کرے اور انکی مغفرت فرمائے۔ اہلخانہ کو صبر دے اور مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ دے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ وقار احمد سیٹھ کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند کرے اور اہلخانہ کو صبر دے۔ مسلم لیگ ن کے سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ وقار احمد سیٹھ اپنے تاریخی فیصلوں سے ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ مرتے وہ ہیں جو زندہ ہوتے ہوئے بھی اپنا منصب ادا کرنے سے محروم رتے ہیں ۔ پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار نے چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کے انتقال پر آج ملک بھر میں یوم سوگ کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان بارکونسل نے کہا کہ چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ وقار احمد سیٹھ کے انتقال سے ملک بہترین منصف سے محروم ہو گیا۔ چیئرمین پاکستان بار کونسل عابد ساقی نے کہا کہ جسٹس وقار احمد سیٹھ کی خدمات پاکستان کی تاریخ میں یاد رکھی جائیں گی۔ آج ملک بھر کی عدالتوں میں یوم سوگ منایا جائیگا۔ چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پاکستان بار کونسل اعظم نذیر تارڑ نے بتایا آج وکلاء صرف ارجنٹ کیسز میں پیش ہوں گے۔ پاکستان ایک قابل‘ دیانتدار‘ غیر جانبدار اور نڈر جج سے محروم ہو گیا۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان نے گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس وقار احمد سیٹھ عدلیہ کی قدآور شخصیت تھے۔ ان کی عدلیہ کیلئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ دوسری طرف چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمدافضل کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل محمدافضل نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا۔ ان کا کرونا ٹیسٹ 8نومبر کو ہوا تھا۔صوبائی وزیر پنجاب جنگلی حیات وماہی پروری سید صمصام علی بخاری کا ٹیسٹ پازیٹو آگیا ہے جس کی وجہ انہوں نے خود کو گھر پر قرنطینہ کرلیا ہے۔ صوبائی وزیر نے اپنے پیغام میں کہا دوسری لہر زور پکڑ رہی ہے لہٰذا سب لوگوں سے التماس ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ راولپنڈی میں کالج سمیت چھ تعلیمی ادارے دس روز کیلئے بند کردئے گیے جن میں ایف جی گرلز کالج کشمیر روڈ، گورنمنٹ ایم سی گرلز ہائی سکول تیلی محلہ. گورنمنٹ گرلز ہائی سکول مندرہ، گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کوٹلی ستیاں، گورنمنٹ بوائز ہائی سکول غریب آباد راولپنڈی اور گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول نمبر 2 مری روڈ شامل ہیں۔سابق وزیراعظم راجہ پرویزاشرف کا کرونا ٹیسٹ پازیٹو آگیا‘ ان کے فرزند راجہ خرم پرویز کے مطابق راجہ پرویزاشرف نے تمام مصروفیات منسوخ کردیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنوں اورہمدردوں سے دعا کی اپیل ہے۔خیبرپختونخوامیں کروناکی دوسری لہر کے شدت اختیارکرنے کومدنظررکھتے ہوئے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے 50فی صدسرکاری عملے کوکم کرنے کااعلامیہ جاری کردیا ہے،اسٹیشلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق محکمہ انتظامی امور نے 52 اہل کاروں کو ایک ہفتے کی رخصت پر گھر بھیج دیاہے۔بہاولپور سے بیورورپورٹ کے مطابق کرونا کی بڑھتی ہوئی وبا کے پیش نظر اسلامیہ یونیورسٹی کے تمام کیمپسز بشمول رحیم یار خان اور بہاولنگر سب کیمپسز کی تمام تعلیمی سرگرمیاں 16نومبر سے چار ہفتے کیلئے معطل کردی گئی ہیں ‘ اسلامیہ یونیورسٹی کے اعلامیہ کے مطابق مڈٹرم امتحانات کا انعقاد بھی اس دوران ممکن نہ ہے تاہم طلبہ کی تعلیمی قابلیت کا جائزہ فائنل امتحانات میں لیاجائے گا ‘ اعلامیہ کے مطابق ایم فل اور پی ایچ ڈی کے طلبہ اپنی تحقیقی ‘ تجرباتی اور تھیسس کی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں گے ‘ یونیورسٹی کے اور تدریسی اور غیر تدریسی سٹاف اپنی باری کے مطابق پچاس فیصد تک حاضر رہے گا بی اے /بی ایس سی /ایم اے /ایم ایس سی کے امتحان شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے۔ فیصل آباد میں بھی کرونا وائرس کے حملے شدت اختیار کرنے لگے مزید کرونا کی 2 مشتبہ خواتین دوران علاج زندگی کی بازی ہار گئیں۔ جبکہ دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کا پروفیسر ڈاکٹر محمد عمران حنیف بھی کرونا کا شکار ہو گئے۔ بورے والہ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق مارکیٹ کمیٹی کا سب انسپکٹر کرونا وائرس کے باعث جاں بحق ۔ چند دن قبل کرونا وائرس کے باعث انہیں گھر میں ہی آ ئسولیٹ کیا گیا تھا۔ تفصیل کے مطابق کرونا وائرس کے شکار افراد کی تعداد میں جہاں دن بدن اضا فہ ہو رہا ہے۔ وہیں کرونا وائرس میں مبتلا ما رکیٹ کمیٹی کے سب انسپکٹر ارشد جاوید گزشتہ روز جاں بحق ہو گئے انہیں چند روز قبل کرونا وائرس کا شکار ہو نے پر گھر میں ہی ا ٓئسو لیٹ کیا گیا تھا۔ یوکرائن کے صدر ولادیمیرز یلسنکی کرونا میں مبتلا ہو گئے غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق زیلسنکی کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا جس کے بعد انہیں ہسپتال میں داخل کر لیا گیا یو کرین کے صدر‘ وزیر خزانہ اور وزیر دفاع میں کرونا کی تصدیق دو روز پہلے ہوئی تھی۔ آسٹریا میں 24 گھنٹوں کے دوران 19 ہزار 262 نئے کرونا کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ آسٹریا میں کرونا متاثرین ایک لاکھ 81 ہزار سے زیادہ اور اموات 1006 سے زیادہ ہیں۔بھارت میں مہلک کرونا وائرس متاثرین کی تعداد86 لاکھ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے44281 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ مزید512 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔فعال کیسز کی تعداد491326ہے۔ برازیل میں متاثرہ افراد کی تعداد57 لاکھ 49 ہزار سے بڑھ گئی ہے اب تک 163406افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ برازیل میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے10917نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ مزید231 افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ امریکہ میں متاثرہ افراد کی تعدادایک کروڑ7 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔ اس مہلک وائرس سے اب تک247397 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ فرانس میں متاثرہ افراد کی تعداد18لاکھ65 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے، فرانس کے مختلف ہسپتالوں میں کرونا وائرس سے متاثرہ مزید328 افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔