• news

ملٹی رول ہیلی کاپٹر، ڈرون لے جانے کی صلاحیت کا حامل جہاز پی این ایس تبوک پاک بحریہ میں شامل

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس  تبوک کی کمیشننگ کی تقریب رومانیہ میں بحر اسود کی بندرگاہ کنسٹانٹا پر منعقد ہوئی۔ پاک بحریہ کے دو کارویٹ جہازوں کے لئے وزارت دفاعی پیداوار پاکستان اور رومانیہ کے ڈامین شپ یارڈ کے مابین ایک معاہدہ طے پایا تھا۔ اس کلاس کا پہلا جہاز پی این ایس یرموک رواں سال کے آغاز میں پاک بحریہ کے بیڑے میں شامل ہوا تھا جبکہ پی این ایس تبوک بھی اب پاک بحریہ کا حصہ بن رہا ہے۔ پی این ایس تبوک درمیانے حجم اور وزن لے جانے کی صلاحیت کا حامل ایک کثیرالمقاصد پلیٹ فارم ہے۔ یہ جہاز سٹیٹ آف دی آرٹ الیکٹرانک وارفئیر، سطح آب اور فضا میں مار کرنے والے ہتھیاروں، سینسرز اور جدید سیلف پروٹیکشن اینڈ ٹرمینل ڈیفنس سسٹم سے لیس ہے۔ یہ جہاز پیچیدہ میری ٹائم ماحول میں مختلف میری ٹائم آپریشنز سر انجام دے سکتا ہے اور ملٹی رول ہیلی کاپٹر اور ڈرونز لے جانے کی صلاحیت کا حامل ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی این ایس تبوک کے کمانڈنگ افسر نے اس پراجیکٹ کی اہمیت کو اجاگر کیا اور اس امر پر روشنی ڈالی کہ ان جدید پلیٹ فارمز کی شمولیت سے پاک بحریہ کی آپریشنل صلاحیتوں کو مزید فروغ حاصل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ جہاز پاک بحریہ کے ایریا آف آپریشنز میں پاک بحریہ کی موجودگی اور انڈین اوشن ریجن میں ریجنل میری ٹائم پیٹرولز کو مزید موثر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے ڈامین شپ یارڈ کی پیشہ ورانہ قابلیت اور جہاز سازی کی صلاحیتوں کی تعریف کی اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک مستقبل میں بھی پاک بحریہ کو جدید ٹیکنالوجی سے مزین پلیٹ فارمز کی فراہمی میں تعاون کرتے رہیں گے۔ اس پر وقار تقریب میں پاک بحریہ کے چیف نیول اوورسئیر (رومانیہ)، جہاز کا عملہ اور ڈامین شپ یارڈ کے اعلیٰ حکام بھی شامل تھے۔

ای پیپر-دی نیشن