• news

گلگت بلتستان میں انتخابی مہم ختم، بلاول کو جلسہ سے روک دیا گیا

گلگت +اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) گلگت بلتستان انتظامیہ نے بلاول بھٹو کو گلگت میں انتخابی مہم کے سلسلے میں جمعہ کے روز  جلسہ کرنے سے روک دیا۔ خیال رہے کہ گلگت بلتستان کی سپریم ایپلیٹ کورٹ نے چیف کورٹ کا حکم معطل کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کو انتخابی مہم جاری رکھنے کی اجازت دی تھی۔ پیپلز پارٹی کی انتخابی مہم کا آخری جلسہ 13 نومبر ہونا تھا۔ گلگت میں پیپلز پارٹی کے صدر امجد ایڈووکیٹ نے بتایا کہ بلاول بھٹو  کو پولو گراؤنڈ میں جلسہ عام سے خطاب کرنا تھا لیکن انتظامیہ نے انہیں وہاں جانے سے روک دیا۔  بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے  کہ  گلگت بلستان کی انتخابی مہم میں ہمارا آخری جلسہ تھا لیکن عدالت نے روک دیا، فیصلہ پسند نہ ہونے کے باوجود تسلیم کررہا ہوں۔ گلگت میں پریس کانفرنس  کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا شروع سے مطالبہ رہا ہے کہ ملک میں صاف شفاف انتخابات ہوں۔ ہم آئین کا احترام کرتے ہیں۔ ہماری جماعت نے ملک کو آئین دیا۔ انتخابی مہم کے دوران ہمیں صوبہ بدرکرنے کی کوشش کی گئی۔ ہم قانون کی بالادستی کو مانتے ہیں۔ سیاسی اور جمہوری آزادی ہونی چاہیے۔ انتخابی مہم  کے اہم اور آخری دن پابندی عائدکر دی گئی۔ اس جلسہ میں پارٹی کا منشور پیش کرنا تھا۔ اب بھی وقت ہے الیکشن متنازعہ نہ بنائیں۔ پوری دنیاکی نگاہیں اس الیکشن پر ہیں۔ ہم نہیں چاہتے گلگت بلتستان میں انتخابات متنازعہ ہوں۔ اب بھی اگرہوش کے ناخن نہ لیے گئے تو صورتحال خوف ناک ہوگی۔ ہم بھی چاہتے ہیں کہ گلگت بلتستان میں امن ہو۔ جمہوریت کیخلاف ساری سازشوں کوبے نقاب کریں گے۔ دھاندلی ہوئی تو شدید ردعمل ہوگا۔ کسی کو ووٹ چوری نہیں کرنے دینگے۔ دھاندلی نہ ہوئی تو ہم بھاری اکثریت سے کامیاب ہونگے۔ حکومت دھاندلی سے گلگت کے عوام کو بیوقوف بنانا چاہتی ہے۔ یہ دھاندلی سے الیکشن جیتنا چاہتے ہیں۔  گلگت بلتستان میں شفاف الیکشن سے متعلق کچھ نہیں ہو رہا۔  یاد رہے کہ کل 15 نومبر کو گلگت بلتستان میں الیکشن کے سلسلہ میں 23 حلقوں میں ووٹنگ ہوگی۔ 1160 پولنگ سٹیشن اور 847 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں جن میں سے 418 انتہائی حساس، 311 حساس اور 431 نارمل قرار دیئے گئے ہیں۔  انتخابات میں سکیورٹی کے لیے سندھ پولیس کی بھاری نفری بھی پہنچ گئی جن میں افسر بھی شامل ہیں۔ ایس ایس پی شادابن مسیح کو ٹیم کا انچارج بنا کر بھیجا گیا ہے۔ گلگت میں انتخابات کے پیش نظر حکومت نے علاقے بھر میں 14 سے 16 نومبر تک عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن